کراچی ٹریفک آفیسر نے شہری کی ملنے والی 4 لاکھ کی رقم واپس کرکے مثال قائم کردی

شہری نوپارکنگ میں موٹر سائیکل کھڑی کر کے گیا تو لفٹنگ عملہ اُسے اٹھا کر ٹریفک سیکشن لے گیا تھا

فوٹو ایکسپریس نیوز

شہر قائد میں ٹریفک سیکشن آفیسر (ایس او) رسالہ نے ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملنے والی رقم 4 لاکھ روپے کی رقم شہری کو واپس لوٹا دی۔

شہری نے سٹی کورٹ کے باہر نوپارکنگ ایریا سے موٹر سائیکل پارک کی تھی جس کے کور کی جیب میں 4 لاکھ روپے نقدی رکھی ہوئی تھی۔

اس حوالے سے ایس او رسالہ سب انسپکٹر محمد قاسم نے بتایا کہ حذیفہ نامی شہری کسی کام کے سلسلے میں سٹی کورٹ آیا تھا اور اپنی موٹر سائیکل نوپارکنگ ایریا میں پارک کی تھی۔ جسے ٹریفک پولیس کا لفٹنگ اسٹاف اٹھا کر رسالہ ٹریفک سیکشن لے آیا تھا۔

ٹریفک سیکشن پہنچنے کے بعد عملے نے دیکھا کہ موٹر سائیکل پر چڑھے ہوئے کپڑے کے کور کی جیب میں کچھ رکھا ہوا ہے اور جب اسے چیک کیا گیا تو 4 لاکھ روپے نقدی برآمد ہوئی، جس پر انھوں ںے مذکورہ نقدی کو اپنے قبضے میں لے لیا۔


اس دوران حذیفہ نامی شہری گھبرایا ہوا آیا اور بتایا کہ میری موٹر سائیکل نو پارکنگ ایریا سے اٹھا کر لائی گئی ہے جس میں نقدی تھی۔

ایس او رسالہ نے بتایا کہ انہوں نے شہری کو اپنے دفتر میں لیجا کر بیٹھایا اور موٹر سائیکل کے کور کی جیب سے برآمد ہونے والی نقدی اس کے حوالے کر دی۔

ٹریفک پولیس آفیسر کی جانب سے رقم واپس دینے پر شہری نے انتہائی حیرت اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایس او رسالہ کا شکریہ ادا کیا اور ٹریفک پولیس کی ایمانداری کی تعریف کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔

شہری کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس نے اپنا فرض بہت اچھے انداز میں نبھایا ، رقم ہاتھ سے نکل جانے کے بعد وہ بہت پریشان تھا لیکن ٹریفک پولیس کی ایمانداری کی بدولت مجھے میری رقم واپس مل گئی جس کا میں تہہ دل سے ان کا مشکور ہوں۔
Load Next Story