لاہور میں اسموگ کی شدت میں اضافہ آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست
شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح 452 ریکارڈ کی گئی
اسموگ کی شدت مزید بڑھنے سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آگیا۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح 452 ریکارڈ کی گئی جبکہ سید مراتب علی روڈ پر 552، فدا حسین روڈ پر شرح 477، یو ایس قونصلیٹ پر 464، فیز 8 ڈی ایچ اے میں شرح 425ریکارڈ کی گئی۔
شہر میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے اور موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور کا موسم خشک رہے گا تاہم 9 اور 10 نومبر کو بارش کا امکان ہے جس سے اسموگ میں کمی آسکتی ہے۔
دوسری جانب، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں؛ لاہور سمیت چار اضلاع میں اسموگ ایمرجنسی نافذ، تعطیل کا اعلان
شہر کی اہم شاہراہوں پر 651 کلومیٹر علاقے پر اسموگ روک تھام واٹر سپرے کیا گیا، مجموعی طور پر شہر کی 1721 سڑکوں اور 756 پوائنٹس پر سپرے کیا جا چکا ہے۔ شہریوں کو اسموگ سے بچاؤ کے لیے آج سے آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
ایم سی ایل کی جانب سے تمام زونز میں اہم مقامات پر خصوصی ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور زونل افسران شہریوں میں مفت ماسک اور آگاہی لٹریچر تقسیم کریں گے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ رافعہ حیدر نے درخواست کی کہ شہری دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور سموگ کا سبب بننے والی فیکٹریوں کی نشاندہی میں مدد کریں کیونکہ اسموگ کا خاتمہ ماحولیاتی آلودگی سے کمی سے ہی ممکن ہے اور اس مشن میں بلدیہ عظمیٰ لاہور کا ساتھ دیں۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ نے چیف آفیسر، میٹروپولیٹن افسران اور زونل انچارج کو اسموگ کے حوالے سے آپریشن کی براہ راست نگرانی کی ہدایت کی ہے۔