رندیپ ہودا بھی میکسویل کی دھواں دار اننگز کی تعریف کرنے پر مجبور

گلین میکسویل کی 201 رنز کی جارحانہ اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے

میکسویل نے ڈبل سینچری کرکے تاریخ رقم کردی : فوتو ویب ڈیسک

بالی ووڈ کے معروف اداکار رندیپ ہودا نے آئی سی سی ورلڈکپ میں افغانستان کے خلاف دھواں دار اننگز کھیلنے والے آسٹریلوی آل راوْنڈر گلین میکسویل کی تعریف کردی۔

رندیپ ہودا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر گلین میکسویل کی افغانستان کے خلاف زبردست اننگز کی چند تصاویر پوسٹ کیں۔

اداکار نے اپنی پوسٹ میں گلین میکسویل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ "میکسی! یہ مکمل طور پر ایک ون مین شو تھا"۔




اُنہوں نے مزید کہا کہ "آپ کی اننگز سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کے بعد اب تک کی سب سےشانداز ون ڈے اننگز میں سے ایک ہے"۔

یاد رہے کہ 1983 کے ورلڈ کپ میں بھارت اور زمبابوے کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم کی بیٹنگ لائن 100 رنز سے پہلے ہی ڈگمگا گئی تھی اور اُس مشکل وقت میں بھارتی لیجنڈری کرکٹر کپل دیو نے اپنی ٹیم کو بچانے کے لیے 138 گیندوں پر 175 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی جس میں 16 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔

مزید پڑھیں: ڈبل سینچری؛ میکسویل نے تاریخ رقم کردی

دوسری جانب گزشتہ روز ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میکسویل کی 128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

گلین میکسویل کی 201 رنز کی جارحانہ اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے، وہ آسٹریلیا کی جانب سے ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بھی بن چکے ہیں۔

Load Next Story