جونیئر ہاکی نیشنل بینک کے شان ارشاد نے ہیٹ ٹرک داغ دی

واپڈا، پی آئی اے اور پنجاب کلر کی ٹیمیں بھی فائنل 4 میں شامل ہو گئیں۔


Sports Reporter May 22, 2014
واپڈا، پی آئی اے اور پنجاب کلر کی ٹیمیں بھی فائنل 4 میں شامل ہو گئیں۔ فوٹو: فائل

دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا، نیشنل بینک، پی آئی اے اور پنجاب کلر کی ٹیمیں33ویں قومی جونیئر انڈر18ہاکی چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔

بینک کے فارورڈ شان ارشاد نے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک داغ دی، بدھ کو کوارٹر فائنل میں نیشنل بینک نے پاکستان آرمی کو6-1سے ہرایا، واپڈا نے پاکستان بورڈ کو2-0سے قابو کیا، پی آئی اے نے پاکستان کسٹمز کو7-2کی عبرتناک شکست دی جبکہ پنجاب کلر نے پاکستان ریلویز کو3-0سے زیر کرلیا۔

سیمی فائنل جمعے کو کھیلے جائیں گے، واپڈا کا مقابلہ پی آئی اے جبکہ نیشنل بینک کاٹکراؤ پنجاب کلرزسے ہوگا، کے ایچ اے کے تحت ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں جاری چیمپئن شپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں نیشنل بینک نے پاکستان آرمی کویکطرفہ مقابلے میں 6-1سے شکست دی، شان ارشاد نے چیمپئن شپ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزازحاصل کیا، شان ارشاد نے پانچویں منٹ میں گول بناکر اپنی ٹیم کو سبقت دلائی،17 ویں منٹ میںمبشر نے پنالٹی کارنرپر گول بناکر اسکور2-0 کردیا، میچ کے تیسرے کوارٹر کے آخری منٹ میں کپتان لیفٹ ان محمد عتیق نے گیند کو جال کی نذرکرکے مقابلہ 3-0 سے اپنی ٹیم کے حق میں کردیا۔

48 اور52 ویں منٹ میں دو لگاتار گول بناکر شان ارشاد نے ہیٹ ٹرک مکمل کرلی،کامیاب ٹیم کا چھٹا اور آخری گول مبشر نے میچ کے56 ویں منٹ میں بنایا، پاکستان آرمی کا واحد گول احمد عرفان نے کھیل کے59 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر اسکور کیا، فاتح ٹیم کے سکندر مصطفی اور وسیم اسلم اور آرمی کے فہد سجاد کو گرین کارڈ کا سامنا رہا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن واپڈا کے سینٹرفارورڈ عاقب نے 42 ویں منٹ میں گول اسکورکرکے ٹیم کوبرتری دلائی،12منٹ بعد انھوں نے ہی گیند کو دوبارہ جال میں پہنچاکر مقابلہ2-0 کیا، جوحتمی ثابت ہوا، تیسرے کوارٹر فائنل میں پی آئی نے پاکستان کسٹمزکو7-2 سے پچھاڑدیا، کامیاب ٹیم کے رانا سہیل اور سیف علی خان نے 2،2، ابوبکر،زاہد ملک اور محمد اویس نے 1،1مرتبہ گیند کو جال کے سپرد کیا۔

رانا سہیل نے میچ کے پانچویں اور چھٹے منٹ میںگول بنائے جبکہ سیف علی نے 17ویں اور27ویں منٹ میں گیند کو جال کی نذرکیا، زاہد ملک نے31، محمد اویس نے38 اور ابوبکر نے پنالٹی کارنر پر 58 ویں منٹ میں گیند جال میں پہنچائی، کسٹمز کی جانب سے محمد بلال نے24 ویں اور4 منٹ بعد سروان نے گول داغا۔ فاتح ٹیم کے ابوبکر اور عبدالباسط کو سبزکارڈ دکھاکر 2منٹ کیلیے میدان بدر بھی کیاگیا، چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں پنجاب کلر نے پاکستان ریلویزکو3-0 سے زیرکرلیا۔

پہلے کوارٹر کے10ویں منٹ میں محمد آصف نے پہلا گول کیا، حسنین انور نے تیسرے کوارٹر کے پہلے ہی منٹ میں گیند کو جال میں پہنچاکر مقابلہ2-0 کر دیا، محمد آصف جونیئر نے50ویں منٹ میں گول بناکر ٹیم کو3-0 سے کامیابی دلادی، قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان نے بدھ کو بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، چیمپئن شپ میں جمعرات کو آرام کا دن ہے ، جمعے کو سیمی فائنل ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں