وزیراعلیٰ سندھ بیان بازی کے بجائے مہنگائی کم کرنے کیلیےعملی اقدامات کریں جماعت اسلامی
نگراں وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو عوام کو پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچانے کیلیےہدایات جاری کی تھیں، ترجمان
جماعت اسلامی سندھ نے زوردیا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ سندھ محض بیان بازی کی بجائے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال،مہنگائی وذخیرہ اندوزی کے خاتمے اورقیمتوں پرکنٹرول کے لیے سنجیدہ وعملی اقدامات اٹھاکرعوام کو ریلیف دیں۔
صوبائی ترجمان مجاہدچنا نے کہاکہ کمرتوڑمہنگائی اورناجائزمنافع خوری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پھل ، سزی ، گوشت سمیت روزمرہ کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، سندھ میں ڈاکوراج سے لے کرسبزی فروش تک حکومتی رٹ کہیں بھی نظر نہیں آرہی۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول وڈالرکی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو اس کا فائدہ نہیں پہنچایا گیا اور نہ ہی سرکاری نرخ نامہ پر عمل کیا جارہا ہے، نگراں وزیراعظم کی جانب سے بھی پٹرول کمی کافائدہ پہنچانے اورقیمتوں کو کنٹرول کے لیے صوبائی حکومتوں کوہدایات جاری کی گئیں مگران کے اثرات عوام کو ریلیف کی صورت میں سامنے نہیں آسکے۔
اس لیے نگراں وزیراعلیٰ محض نوٹس لینے یا بیانات جاری کرنے کی بجائے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال، ناجائزمنافع خوری کوروکنے اورقیمتوں کوکنٹرول کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ مہنگائی کے مارے عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔