اب رجسٹرڈ مہاجرین کو بھی افغانستان واپس بھیجیں گے وزیر اطلاعات بلوچستان

ہم روزانہ چمن بارڈر سے 10 ہزار افغان باشندوں کو واپس بھیج رہے ہیں


ویب ڈیسک November 09, 2023
(فوٹو : فائل)

نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ افغانستان حکومت تند و تیز بیانات نہ دے، غیر قانونی مقیم مہاجرین کے بعد اب رجسٹرڈ مہاجرین کو بھی افغانستان واپس بھیجیں گے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ آج اہم مسئلے پر بات کر رہے ہیں، ہم ہر قسم کی دہشت گردی کو کچلنا جانتے ہیں، قوم اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیر اعظم نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کو افغانستان کے حوالے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے مراکز کا بھی قلعہ قمع کیا جائے گا، ہر ماہ 200 افراد حملوں میں شہید ہورہے ہیں، ہم نے غیر قانونی مقیم افراد کا ٹھیکا نہیں اٹھا رکھا، افغانستان حکومت تند و تیز بیانات نہ دے اس کے بعد رجسٹرڈ مہاجرین کو بھی واپس بھیجیں گے، اس وقت 80 ہزار تارکین وطن پاکستان چھوڑ چکے ہیں، ہر دوسرے روز 800 غیرقانونی مقیم افراد واپس جا رہے ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بلوچستان میں ایک ہزار تارکین وطن کو حراست میں لے کر واپس بھیجا، ہماری مہم غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے خلاف ہے اور ان کے خلاف یہ مہم جاری رہے گی۔


جان اچکزئی نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا ہے، سندھ کے تارکین وطن کا آئندہ دنوں میں سلسلہ تیز ہو جائے گا، ہم روزانہ چمن بارڈر سے 10 ہزار افغان باشندوں کو واپس بھیج رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں