رواں سال کراچی میں کانگو وائرس کا پہلا کیس رپورٹ
ضلع شرقی کے رہائشی 42 سالہ شخص کو کانگو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی،دو روز کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، محکمہ صحت
رواں سال کراچی میں کانگو وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوگیا، ضلع شرقی کے رہائشی 42 سالہ شخص کے کانگو وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں رپورٹ ہونے والے کانگو وائرس کے مریض سے متعلق بیان جاری کردیا،ضلع شرقی کے رہائشی 42 سالہ شخص کو کانگو کی علامات ظاہر ہونے پر نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا،مریض کا پی سی آر ٹیسٹ میں کانگو وائرس مثبت آیا تھا۔
محکمہ صحت کے مطابق مریض کی حالت بہتر تھی جس کو ضروری طبی امداد فراہم کی گئی، مریض کو دو روز اسپتال میں داخلے کے بعد روبصحت ہونے پر ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
نگراں وزیر صحت سندھ کی خصوصی ہدایت پر سندھ بھر میں کانگو وائرس سے متعلق انتظامات کیے گئے ہیں، سندھ انسٹیٹیوٹ آف انفیکشیئس ڈزیز میں 8 بستروں پر مشتمل خصوصی کانگو وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کانگو وائرس عمومی طور پر جانوروں کے ذریعے انسان میں منتقل ہوتا ہے، کانگو وائرس کی علامات میں سفید خلیات کی کمی،تیز بخار ، سردرد، متلی، قے، بھوک میں کمی، نقاہت، کمزوری ، غنودگی اور منہ میں چھالے ہونا شامل ہیں۔