رشمیکا کترینہ کے بعد سارہ ٹنڈولکر اور شبمن گل کی بھی جعلی تصویر وائرل
سارہ ٹنڈولکر اور شبمن گِل نے اپنے رشتے کا باقاعدہ اعلان کردیا
معروف بالی ووڈ اداکارائیں رشمیکا مندانا اور کترینہ کیف کے بعد اب سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی بیٹی سارہ ٹنڈولکر اور بھارتی کرکٹر شبمن گِل کی بھی جعلی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
گزشتہ کچھ دنوں سے بھارتی اسٹارز آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سے تیار کردہ نامناسب جعلی تصاویر اور ویڈیوز کا شکار ہورہے ہیں، جن میں سب سے پہلے تامل فلموں کی خوبرو اداکارہ رشمیکا مندانا کی نامناسب ڈیپ فیک (جعلی) ویڈیو وائرل ہوگئی۔
رشمیکا مندانا کی ویڈیو وائرل ہونے کے دو روز بعد ہی بالی ووڈ کوئین کترینہ کیف کی بھی آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سے تیار کردہ نامناسب جعلی تصویر منظرِ عام پر آئی۔
مزید پڑھیں: رشمیکا، کترینہ کی جعلی تصاویر وائرل ہونے پر بھارتی حکومت حرکت میں آگئی
جعلی تصاویر اور ویڈیوز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ابھی بھارتی حکومت حرکت میں آئی ہی تھی کہ اب سارہ ٹنڈولکر اور بھارتی کرکٹر شبمن گِل کی بھی جعلی تصویر منظرِ عام پر آگئی ہے۔
فوٹو: سوشل میڈیا
سارہ ٹنڈولکر اور شبمن گِل کی سوشل میڈیا پر وائرل تصویر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کو یہ لگا کہ ان دونوں نے اس تصویر کے ذریعے اپنے رشتے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے جبکہ کچھ صارفین نے نشاندہی کی کہ یہ تصویر جعلی ہے جوکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: رشمیکا مندانا کے بعد کترینہ کیف کی بھی نامناسب جعلی تصویر وائرل
صارفین نے وائرل تصویر کی حقیقت سامنے لاتے ہوئے بتایا کہ سارہ ٹنڈولکر نے یہ تصویر اپنے بھائی ارجن ٹنڈولکر کے ساتھ بنوائی تھی۔
فوٹو: سوشل میڈیا
دوسری جانب بھارتی وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور الیکٹرانکس نے ایڈوائزری جاری کی ہے کہ کسی بھی شخص کی کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی مدد سے جعلی ویڈیوز بنانے والوں کو 3 سال جیل اور 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے جبکہ ڈی ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کے سیکشن 66 کے تحت کارروائی بھی کی جائے گی۔