حکومت 4 برس بعد زیادہ خوشحال اور پرعزم پاکستان قوم کے حوالے کرے گی وزیراعظم

حکومتی اقدامات کی وجہ سے پاکستان ایک برس پہلے کے مقابلے میں کہیں آگے نکل آیا ہے، وزیر اعظم


ویب ڈیسک May 22, 2014
ہماری سب سے بڑی کامیابی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام ہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے پاکستان ایک برس پہلے کے مقابلے میں کہیں آگے نکل آیا ہے اور 4 برس بعد ہم زیادہ روشن، توانا، مستحکم، پرعزم اور خوشحالی کی راہ پر گامزن پاکستان قوم کے حوالے کریں گے۔

اسلام آباد میں ملک کی 4 سیلولر کمپنیوں کو 3جی اور 4جی لائسنس کے اجرا کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم موثر سماجی اور اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے انفارمیشن اور مواصلات کی فنی مہارتوں کو بروئے کار لاسکتے ہیں۔ تھری جی اور فور جی اسپیکٹرم کی نیلامی سے منسلک ٹیم نے نہایت پیشہ وارانہ طریقے سے اپنا کام سرانجام دیا۔ اس نیلامی کو بین الاقوامی سطح پر ایک کامیاب اور شفاف عمل قرار دیا گیا۔ 1990 میں ہماری ہی حکومت نے آپٹیکل فایبر کیبل منصوبے کا آغاز کیا تھا اور آج ہمارے ہی دور حکومت میں تھری اور فور جی اسپیکٹرم متعارف ہورہا ہے۔ اس سے جہاں پاکستان کو جدید سہولیات میسر ہوں گے وہیں ہر سال 260 ارب روپے کے اضافی محصولات اور روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ 5 جون 2013 کو انہوں نے ملک و قوم کی خدمت کی ذمہ داری اٹھائی اور الحمد اللہ آج کا پاکستان ایک برس پہلے کے مقابلے میں کہیں آگے نکل آیا ہے۔ توانائی کے بحران کے خاتمے، تباہ حال معیشت کی بحالی، تعمیر و ترقی کے منصوبوں کی بنیاد ڈالنے، اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی، تباہ حال اداروں کی بہتری، دہشتگردی اور کرپشن کے خاتمے اور عالمی برادری میں ملک کا وقار بحال کرنے کے لئے جس سفر کا آغاز کیا ہے اس میں ہمیں نمایاں کامیابیاں بھی حاصل ہورہی ہیں۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے، بڑی صنعتوں کی ترقی میں اضافہ ہورہا ہے اور مہنگائی کی شرح کو 10 فیصد سے کم پر رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں، ہماری سب سے بڑی کامیابی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام ہے۔ وہ یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ 4 برس بعد ہم روشن، توانا، مستحکم، پرعزم اور خوشحالی کی راہ پر گامزن پاکستان قوم کو دے سکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں