کراچی میں کانگو وائرس سے متاثر ایک اور شخص جاں بحق

متاثرہ شخص کو تشویشناک حالت میں آج بلوچستان سے کراچی کے سندھ انسٹیٹیوٹ آف انفیکشن ڈیزیز اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا


Staff Reporter November 10, 2023
—فائل فوٹو

کراچی میں کانگو وائرس سے متاثر ایک اور شخص جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی نیپا پر قائم سندھ انسٹیٹیوٹ آف انفیکشیس ڈیزیز اسپتال میں داخل کانگو وائرس سے متاثرہ 35 سالہ شخص انتقال کرچکا ہے، متاثرہ فرد کو آج ہی تشویشناک حالت میں بلوچستان سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق کہ مریض کی حالت بہتر نہیں تھی، محکمہ صحت کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں کوئٹہ سے مجموعی طور پر 16 مریضوں کو منتقل کیا گیا تھا، جن میں سے دو مریض انتقال کرچکے ہیں، دو کو ڈسچارج کردیا گیا جبکہ کانگو کے 12 مریض اس وقت نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے خیراتی اسپتال میں بھی 6 نومبر کو کانگو وائرس سے متاثرہ شخص لایا گیا تھا، جس کا تعلق ضلع شرقی سے ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بتایا گیا کہ 42 سالہ متاثرہ فرد کو بخار،کھانسی اور ناک سے خون بہنے کی علامات کے ظاہر ہوئیں تھیں، جس کو بروقت علاج کے بعد 8 نومبر کو ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔

وزیر صحت کی خصوصی ہدایت پر سندھ انسٹیٹیوٹ آف انفیکشیز ڈیزیز اسپتال میں کانگو کا 8 بستروں پر مشتمل خصوصی وارڈ قائم کیا گیا ہے جہاں 24 گھنٹے ڈاکٹرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔

طبی ماہرین کے مطابق کانگو وائرس کی علامات میں تیز بخار ، سردرد، متلی، کمزوری،سفید خلیات کی کمی اور منہ میں چھالے شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔