اسلام آباد تعلیمی اداروں میں آن لائن منشیات سپلائی کرنیوالے گروہ کا کارندہ گرفتار
ملزم محمد نصیر کو نجی اسکول کے باہر منشیات سپلائی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، ترجمان اسلام آباد پولیس
پولیس نے تعلیمی اداروں میں آن لائن اپلیکیشن کے ذریعےمنشیات سپلائی کرنے والے گروہ کے کارندے کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق تھانہ رمنا پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آن لائن اپلیکیشن کے ذریعے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے میں ملوث گروہ کے اہم کارندے کو نجی اسکول کے باہر سے منشیات سپلائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
ملزم محمد نصیر سے پیکٹ میں بند منشیات بھی برآمد کرلی گئی، ملزم آن لائن اپلیکیشن کے ذریعے منشیات پیکٹوں میں پیک کرکے طلبا و طالبات کو سپلائی کرتا تھا۔
ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس ٹیم نے حکمت عملی سے اسے گرفتار کرلیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس منشیات کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، شہری اس ناسور کے خاتمے کے لیے پولیس کا ساتھ دیں اور کسی بھی ایسی مشکوک سرگرمی کے متعلق پکار 15 یا آئی سی ٹی ایپ 15 پر اطلاع دیں۔