قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 سابق ارکان کا ن لیگ میں شمولیت کا اعلان

پاکستان کی معاشی خود انحصاری اور مسلم لیگ (ن) کی انتخابی کامیابی لازم و ملزوم ہیں، شہباز شریف


Staff Reporter November 11, 2023
(فوٹو فائل)

قومی و صوبائی اسمبلی کے پانچ سابق ارکان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں میں سابق ایم این اے سردار منصب ڈوگر، فاروق رضا مانیکا اور جھنگ سے گدی نشین نظام الدین سیالوی، سابق ایم پی اے آصف عباس اور میاں ماجد نواز شامل تھے۔

اس موقع پر انہوں نے قائد نوازشریف پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کرنے والوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی روایت رہی ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں عوام اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردارادا کریں گے۔

ملاقات کے موقع پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ، شیخ فیاض الدین، عطا اللہ تارڑ، رانا ارادت حسین اور احمد رضا مانیکا، آصف سعید منہیس، سعود مجید اورعظمیٰ بخاری بھی موجود تھے۔

شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں اور آپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ آپ کے آنے سے مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہوگا، مسلم لیگ (ن) ایک گھر کی طرح ہے جس میں سب ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا، انتخابات میں عوام نے کامیاب کیا تو عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے۔ پاکستان کی معاشی خودانحصاری اور مسلم لیگ (ن) کی انتخابی کامیابی لازم و ملزوم ہیں۔ قائد نوازشریف کا ہر دور تعمیر، ترقی اور عوامی خوش حالی کا دور ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں