شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل عائزہ خان نے فلسطین کے حق میں پوسٹ نہ کرنے کی وجہ سے شدید تنقید کے بعد اپنے مداحوں سے معافی مانگ لی۔
گزشتہ ایک ماہ سے اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں 12 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
اسرائیل کی فلسطین پر دہشتگردی کے خلاف جہاں دُنیا بھر کے فنکار اپنی آواز بلند کررہے ہیں اور فوری طور پر غزہ میں جنگ بند کا مطالبہ بھی کررہے ہیں تو وہیں انسٹاگرام پر 13 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی اداکارہ عائزہ خان کی خاموشی نے اُن کے مداحوں کی محبت کو نفرت میں تبدیل کردیا۔
مداحوں نے عائزہ خان کی وجہ پوچھی تو اداکارہ نے کہا کہ اُن کے نزدیک دعا کرنا روزانہ پوسٹ کرنے سے زیادہ بہتر ہے لہٰذا زیادہ سے زیادہ دُعا کریں اور دوسروں پر انگلی اُٹھانے اور ایک دوسرے پر الزام لگانے سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں: "شرم کرو! تمہیں اللہ کا ڈر نہیں"؛ مشی خان، عائزہ پر برس پڑیں
اس پوسٹ کے بعد عائزہ خان کو مداحوں کے ہاتھوں ایک بار پھر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد عائزہ نے اپنے انسٹاگرام اکاوْنٹ سے پوسٹ ہی ڈیلیٹ کردی۔
تاہم، اب عائزہ خان نے اس تمام تر معاملے سے متعلق اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر ایک تفیصلی نوٹ جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے وضاحت دیتے ہوئے اپنے مداحوں سے معافی مانگی ہے۔
عائزہ خان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ "سوشل میڈیا پر میرے کہے گئے الفاظ کو غلط انداز میں سمجھا جارہا ہے، میں جواز پیش کرنے یا وضاحت کرنے کی کوشش نہیں کروں گی کیونکہ میرا خدا جانتا ہے کہ میرے ارادے بدنیتی پر مبنی نہیں تھے لیکن میں اپنے جذبات کو بیان کرنے میں ناکام رہی"۔
مزید پڑھیں: "شرم کرو، تُم مغربی کٹھ پتلی ہو"؛ عائزہ خان شدید تنقید کا شکار
اداکارہ نے کہا کہ "میں ذاتی طور پر اور اپنی ٹیم کی طرف سے معافی مانگ رہی ہوں، میرے بیان سے جن لوگوں کو تکلیف پہنچی میں ان سے تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں اور اس سنگین مسئلے کی طرف میری توجہ مرکوز کرنے کے لیے آپ سب کی شُکرگزار ہوں"۔
اُنہوں نے کہا کہ "میں بھی انسان ہوں، مجھ سے بھی غلطی ہوسکتی ہے لیکن میں آپ سب کو یقین دلاتی ہوں کہ دوبارہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوگا"۔
مزید پڑھیں: عائزہ خان نے فلسطین کے بارے میں کی گئی پوسٹ ڈیلیٹ کردی
عائزہ خان نے فلسطین پر جاری ظلم و ستم سے متعلق کہا کہ "میں جب بھی وہ ظلم دیکھتی ہوں تو خود کو بےبس اور دُکھی محسوس کرتی ہوں، اگرچہ میری آگاہی فوری طور پر کوئی حل نہیں لاتی لیکن میں دعا کے ذریعے حالات میں تبدیلی کے لیے اللہ پر یقین رکھتی ہوں"۔
مزید پڑھیں: عائزہ خان بالآخر فلسطین کے حق میں بول پڑیں
اداکارہ نے مزید کہا کہ "اس ظلم کو ختم کرنے کے لیے متحد ہو جائیں، زیادہ سے زیادہ دُعا کریں کیونکہ ہمیں اللہ کی مدد کی ضرورت ہے اور میری دعائیں فلسطینیوں کے ساتھ ہیں"۔