’ٹائیگر3‘ صدی کی واہیات ترین فلم ہے کمال راشد خان آپے سے باہر
فلم کو دیکھ کر میرا وقت اور انرجی ضائع ہوئی ہے اس لئے میں کنزیومر کورٹ میں کیس کروں گا، کے آر کے
بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان، کترینہ کیف اور عمران ہاشمی کے مرکزی کرداروں کے ساتھ منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'ٹائیگر3' پوری دنیا میں ریلیز کیلئے پیش کردی گئی ہے، فلم کے حوالے مداحوں کو جہاں جوش و خروش ہے وہیں نامور انڈین فلمی تجزیہ نگار کمال راشد خان نے فلم پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر متعدد ٹویٹس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کمال راشد نے فلم کو صدی کی واہیات ترین فلم قرار دیتے ہوئے پروڈیوسر کے خلاف کنزیومر کورٹ جانے کی دھمکی بھی دی ہے۔
'ٹائیگر3' کے پروڈیوسر ادیتیہ چوپڑا کو مخاطب کرتے ہوئے کے آر کے نے لکھا کہ اگر انہیں پاکستان کی سیاست پر فلم بنانی تھی تو انہیں پاکستانی فلم بنانی چاہئے تھی نہ کہ انڈین فلم۔
انہوں نے مزید لکھا کہ فلم کو دیکھ کر ان کا وقت اور انرجی ضائع ہوئی ہے اس لئے وہ کنزیومر کورٹ میں کیس کریں گے۔
کمال راشد نے لکھا کہ اگر انہیں علم ہوتا کہ فلم کی کہانی پاکستان پر ہوگی تو وہ کبھی فلم کو دیکھنے نہیں جاتے اور یہ لوگوں کے ساتھ دھوکہ بازی ہے۔
فلم کو زیرو ریٹنگ دیتے ہوئے کے آر کے کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان اور ہریتھک روشن کے کومیو کے حوالے سے بھی جھوٹی خبریں چلائی گئیں، شاہ رخ خان کا مختصر سا سین تھا جبکہ ہریتھک روشن فلم میں نظر بھی نہیں آئے۔