کراچی کے ایم سی کوغیرقانونی بچت بازار کے خلاف کارروائی مہنگی پڑگئی

ٹیم پر حملے میں دو ملازمین زخمی، حملہ مبینہ طور پرچیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن کی سرپرستی میں کیا گیا،ڈائریکٹربچت بازار


Staff Reporter November 12, 2023
اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور کے ایم سی کے عملے نے صورتحال سے میئر کراچی مرتضی وہاب کو بھی آگاہ کردیا (فوٹو: فائل )

بلدیہ عظمی کراچی کو غیرقانونی بچت بازار کے خلاف کارروائی کرنا مہنگا پڑ گیا۔ بلال کالونی میں لگنے والے بچت بازار کے خلاف آپریشن کے لیے جانے والے کے ایم سی کے عملے پر آرگنائزر کے کارندوں کے بہیمانہ تشدد سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت دو ملازمین زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل ٹاؤن کے علاقے بلال کالونی میں غیرقانونی طور پر لگائے جانے والے بازار کے خلاف کارروائی کے لیے کے ایم سی کے محکمہ بچت بازار اور اینٹی انکروچمنٹ کی ٹیم جیسے ہی بازار میں داخل ہوئی وہاں موجود بازار آرگنائزر کے کارندوں نے ٹیم پر حملہ کردیا۔

ایک درجن سے زائد افراد کے حملے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بچت بازار محمد صابر سمیت دوملازمین شدید زخمی ہوگئے، محکمہ بچت بازار کے مطابق کے ایم سی کا عملہ بلال کالونی میں غیرقانونی بچت بازار کے خلاف کاروائی کے لیے پہنچا تھا کہ کاروائی کے دوران نامعلوم افراد نے کے ایم سی کے عملے پر حملہ کردیا۔

حملے اور تشدد کے دوران کے ایم سی کے عملے کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا، اغوا کاروں نے کے ایم سی کے عملے کو کچھ دور لے جاکر مار پیٹ کرکے چھوڑ دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈائریکٹر بچت بازار کمال الدین عوامی بازار تھانے پہنچ گئے اور سرکاری عملے پر تشدد کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ۔

محکمہ بچت بازار کے حکام کا کہنا ہے کہ کے ایم سی نے مشترکہ کارروائی ڈائریکٹر بچت بازار کمال کی نگرانی میں کی۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر بچت بازار کا کہنا ہے کہ غیرقانونی بازار مبینہ طور پر چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن کی سرپرستی میں چل رہا ہے، کمال الدین کے مطابق ہنگامہ آرائی اور اغوا کی کارروائی مبینہ طور پر چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن کی سرپرستی میں کی گئی۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔