وقت کا مثبت اور بہترین استعمال بنائے منفرد اور باکمال
اپنی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی میں وقت کا بھرپور اور موثر استعمال کرکے کام یابی حاصل کریں
ٹائم مینجمنٹ یعنی وقت کا صحیح استعمال ایک زندگی میں کئی زندگیاں جینے کا ہنر ہے۔ وقت کا درست استعمال کرکے ایک کام یاب انسان زندگی میں وہ کچھ حاصل کرسکتا ہے جو عام انسان کئی زندگیوں میں بھی نہیں کر سکتے ہیں۔
وقت کے استعمال، وقت کی اہمیت اور وقت کی افادیت پر دُنیا بھر میں بے شمار کتابیں لکھی جا چکی ہیں اور بے شمار فلمیں بن چکی ہیں۔ اس اہم موضوع پر بہت زیادہ ٹریننگز کروائی جاتی ہیں۔ وقت کی قدر، اہمیت اور افادیت پر بے شمار مذہبی حوالے اور وعظ بھی دیے جاتے ہیں۔
وقت کے استعمال، وقت کی اہمیت اور وقت کی افادیت پر دُنیا بھر میں بے شمار کتابیں لکھی جا چکی ہیں اور بے شمار فلمیں بن چکی ہیں۔ اس اہم موضوع پر بہت زیادہ ٹریننگز کروائی جاتی ہیں۔ وقت کی قدر، اہمیت اور افادیت پر بے شمار مذہبی حوالے اور وعظ بھی دیے جاتے ہیں۔
وقت ایک ایسی حقیقت ہے جس کے بارے میں کوئی بھی انسان انکار نہیں کر سکتا۔
ترقی یافتہ معاشروں اور ملکوں اور ہمارے جیسے معاشروں میں بنیادی فرق وقت کا مناسب استعمال کا ہے۔ وہاں وقت ہی سب کچھ ہے اور ہمارے ہاں وقت کی کوئی قدر نہیں ہے، اس لیے شاید ہماری بھی دُنیا میں کوئی قدر نہیں ہے۔ نہ ہماری قومی تقریبات، نہ سیاسی، سماجی اور خاندانی تقریبات وقت پر شروع ہوتی ہیں بلکہ ہماری تو عبادات کے اجتماع بھی وقت پر شروع نہیں ہوتے۔
ہمارے ہاں اعلیٰ عہدوں اور مرتبوں پر فائز لوگ بھی وقت کو بڑی بے قدری سے ضائع کر رہے ہوتے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں مثبت کام کرنے کے لیے لوگوں کے پاس وقت ہی نہیں ہے۔ دُنیا بھر میں ڈیٹا اور ریسرچ کے مطابق انسانی زندگی کے سارے سفر کے اعدادوشمار سامنے آچکے ہیں کہ انسان کس کام کے لیے کتنا وقت صرف کرتا ہے۔
اس تحقیق کی بنیاد پر لوگوں نے اپنی ترجیحات کا تعین کیا ہوا ہے اور اپنے آپ کو مثبت، مفید اور موثر کاموں کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ Scientific American نامی ایک تنظیم نے اپنی ایک تازہ رپورٹ بہ عنوان See How Humans around the World Spend the 24 Hours in a Day میں بہت عمدہ طریقے سے انسان کی زندگی اور وقت کے استعمال کو بیان کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ''زمین پر ہر انسان کے پاس ایک دن میں گزارنے کے لیے یکساں طور پر 24 گھنٹے ہوتے ہیں، لیکن جس طرح سے ہم ان گھنٹوں کو کام، نیند، اسکول اور کھیلنے کے لیے تقسیم کرتے ہیں وہ بہت مختلف ہے۔ سائنس دانوں نے حال ہی میں دست یاب اعدادوشمار کو مرتب کیا کہ کس طرح دُنیا بھر کے لوگ اپنا وقت استعمال کرتے ہیں اور انہیں اوسط 'عالمی انسانی دن' کی وضاحت کے لیے استعمال کرتے ہیں۔''
اگر ہم اپنی اپنی زندگی، بلکہ اپنے ایک دن کا بغور اور بخوبی جائزہ لیں تو ہمیں اندازہ ہوگا کہ ہم غیرضروری اور غیرمعیاری کاموں بلکہ فضول باتوں پر بے شمار وقت ضائع کرتے ہیں۔ یاد رکھیں وقت زندگی ہے اور جو وقت کا صحیح استعمال نہیں کر سکتا وہ زندگی سے کبھی بھی فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔ ہمیں یوں لگتا ہے کہ ہمیں زندگی میں مناسب وقت نہیں دیا گیا، جب کہ قدرت نے ہر ایک انسان کو اپنے حساب سے مناسب وقت دیا ہے، اس لیے ہمیں جتنا وقت دیا گیا ہے ہمیں اس کا حساب دینا ہوگا۔ لہٰذا ہمیں اپنا احتساب کرنا ہوگا کہ ہم اپنے وقت کا استعمال کہاں، کیسے اور کیوں کرتے ہیں۔
اکثر لوگ مصروف رہنے کو وقت کا موثر استعمال سمجھتے ہیں جب کہ اس میں بہت بنیادی اور اہم فرق ہے، مصروف رہنا اور مفید ہونا یہ دونوں الگ الگ باتیں ہیں۔
وقت کا صحیح اور مناسب استعمال نہ کرنے والے ہمیشہ وقت نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہیں۔ وقت کی بے شمار حقیقتیں ہیں لیکن ایک حقیقت یہ ہے کہ وقت ضائع کیا جاسکتا ہے، استعمال کیا جا سکتا ہے. لیکن نہ تو جمع کیا جاسکتا ہے اور نہ محفوظ کیا جا سکتا ہے۔
وقت زندگی ہے، وقت بندگی ہے، وقت دولت اور نعمت ہے، چناں چہ اس کے لیے قدرت کا شکر گزار رہنا چاہے۔ وقت کی افادیت، اہمیت اور اس کے موثر استعمال پر بے شمار ٹریننگز، سیشن اور سیمینار منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں شرکا کو ٹائم مینجمنٹ کے موثر گر بتائے جاتے ہیں۔
مجھے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں بے شمار ایسی ٹریننگز اور ورکشاپ میں شرکت کرنے کا موقع ملا، اپنے ساتھیوں، اساتذہ اور بڑوں سے سیکھنے اور سوال کرنے کی جستجو جاری رکھی، اس مضمون میں وقت کے موثر استعمال کے حوالے سے سات اہم نکات بیان کروں گا جن کی مدد سے آپ اپنے وقت کا موثر استعمال کر کے زندگی میں کام یابی حاصل کرسکتے ہیں۔
یاد رکھیں بہت سارے لوگ صرف پڑھنے، معلومات حاصل کرنے اور سیکھنے تک محدود رہتے ہیں جب کہ علم کے حقیقی متلاشی اور کام یابی کی منزل کے مسافر ہمیشہ عمل کو ترجیح دیتے ہیں۔
معروف امریکی مصنف اسٹیفن کنگ کا کہنا ہے ''اگر آپ کے پاس مطالعہ کر نے کا وقت نہیں ہے تو آسان الفاظ میں آپ کے پاس لکھنے کے لیے وقت اور امدادی مواد نہیں ہوگا۔''
وقت کے حوالے سے مجھے گوتم بدھ کی بات بہت حقیقت پسندانہ لگتی ہے، وہ کہتے ہیں:
''(زندگی کی) سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ ہم سمجھتے ہیں ہمارے پاس وقت ہے۔''
دُنیا میں ہر چیز کا وقت ہے اور جو وقت کے مطابق یعنی وقت کے ساتھ چلتا ہے وہ زندگی میں ہمیشہ کام یابی اور کام رانی حاصل کرتا ہے۔ جب وقت آپ کے ساتھ کھیل رہا ہو، تو پھر آپ جتنے مرضی بڑے کھلاڑی ہوں، جتنی مرضی محنت کرلیں، نتائج آپ کے حق میں نہیں ہوں گے۔
برطانوی شاعر ایڈورڈ ینگ کا کہنا ہے ''تاخیر، وقت کی چوری ہے۔'' ان حقائق کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس مضمون میں جو کچھ آپ پڑھیں گے اسے اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی بھرپور کوشش کریں۔
میں نے یہ نکات اور مشاہدات اپنی زندگی کے تجربات، براہ راست زندگی کے واقعات سے اخذ کیے ہیں، جنہوں نے میری زندگی میں بھرپور معاونت کی ہے۔ مجھے پوری اُمید ہے کہ یہ نکات آپ کو ایک موثر، مفید اور کام یاب انسان بننے میں مدد دیں گے اور راہ نمائی کریں گے۔
ایک اور اہم چیز جو میں یہاں بیان کرنا چاہتا ہوں وہ یہ کہ کام یاب اور ناکام لوگوں میں بنیادی فرق صرف اور صرف وقت کے بہترین اور درست استعمال کا ہے۔ جس انسان نے وقت کی قدر اور اہمیت کو سمجھ لیا، اس نے قدرت کا وہ بہترین راز پالیا جو کام یابی کی جانب پہلا قدم ہے۔
اپنی زندگی کے مقصد کو تلاش کریں
آپ شاید حیران ہوں کہ اس بات کا ہمارے وقت کے استعمال سے کیا تعلق ہوسکتا ہے؟ یقین مانیے دُنیا میں بے شمار لوگ ایسے ہیں جو اپنی زندگی کے مقصد کو جانے بغیر اپنے وقت کو برباد کر رہے ہوتے ہیں۔ جو انسان اپنی زندگی کے مقصد کو تلاش کر لیتا ہے اس کے لیے اپنے وقت کو بہترین انداز میں استعمال کرنا بہت آسان ہوجاتا ہے۔ امریکی صحافی و مصنف Alan Burdick کی
کتاب ''Why Time Flies: A Mostly Scientific Investigation'' اس امر کو بہترین طریقے سے بیان کرتی ہے۔
وقت کے ساتھ چلیں، پیچھے نہیں
زندگی میں بہت سارے لوگ وقت کی قدر نہیں کرتے اور نہ وقت کے ساتھ چلتے ہیں۔ وہ زمانے اور وقت کی رفتار کو سمجھے بغیر اپنی زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔
اگر آپ اپنے وقت کا بہترین استعمال کرنا چاہتے ہیں اور زندگی سے بھرپور لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو وقت کے ساتھ چلیں، پیچھے نہیں۔ پنجابی کی ایک مشہور کہاوت ہے جس کا مفہوم یہ ہے کہ جس انسان نے ایک لمحہ کھو دیا وہ سو قدم پیچھے رہ جاتا ہے۔
اس سے مراد یہ ہے کہ وقت جس چیز کا تقاضا کرتا ہے وہ چیز اس وقت کے مطابق کریں۔ سونے کے وقت سوئیں، کھانے کے وقت کھائیں، پڑھنے کے وقت پڑھیں اور کام کرنے کے وقت کام کریں۔ دُنیا اور وقت کی نزاکت کے مطابق خود کو ڈھالیں۔ وقت کی رفتار اور ضرورت کے مطابق اپنے سوچنے، کام کرنے اور زندگی بسر کرنے کے انداز کو اپنالیں۔
وقت کے شاگرد بنیں تاکہ دُنیا آپ کو استاد مانے
کہتے ہیں کہ وقت سے بڑا کوئی استاد نہیں ہوتا جو اپنے شاگردوں کو وقت پر ہر چیز سکھاتا ہے۔ اگر آپ اپنے شعبے اور زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا چاہتے ہیں تاکہ لوگ آپ کی مثال دے سکیں تو وقت کے شاگرد بن جائیں۔ وقت آپ کو دُنیا میں استاد کا مرتبہ اور رتبہ عطا کرے گا۔ وقت کی یونیورسٹی میں داخل ہوجائیں اور دُنیا دیکھیے نئی نظر سے۔
مقصد بڑا، اہداف چھوٹے رکھیں
ہم میں سے بیشتر لوگ یہ بنیادی اور بڑی غلطی کرتے ہیں کہ وہ اپنے بڑے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے ہدف بھی بڑے بڑے بناتے ہیں، چوںکہ ابتدائی طور پر انسان کسی بھی کام کو پہلی مرتبہ کرنے کے لیے ذہنی، جسمانی اور نفسیاتی طور پر تیار نہیں ہوتا اس لیے وہ بڑے اہداف کے تعاقب میں ہمت ہار جاتا ہے اور اپنے بڑے خوابوں اور مقاصد کو حاصل کرنے سے قاصر رہتا ہے۔ اپنے خوابوں کو نہیں بلکہ اپنی ہدف کو چھوٹا بنائیں تاکہ آپ اپنے بڑے خوابوں کو بہ آسانی حاصل کرسکیں۔
میں آپ کو اپنی عملی زندگی سے یہ مثال دیتا ہوں جو اس اہم نکتے کو سمجھنے میں آپ کی مدد کرے گی۔ میں ہمیشہ کتاب لکھنے کی جستجو کرتا اور چند صفحات لکھ کر پھر ہمت ہار جاتا تھا۔ مجھے کتاب لکھنے کا تجربہ نہیں تھا، کیوںکہ اتنا وقت اور معلومات بھی نہیں تھیں کہ ایک کتاب مکمل طور پر لکھ سکوں۔
پھر میں نے اپنے اس ہدف کو آسان بنانے کے لیے مضامین لکھنے پر توجہ دی اور آہستہ آہستہ گذشتہ دو سال سے مسلسل مضامین لکھنے کے بعد میں اس قابل ہو چکا ہوں کہ اپنی پوری کتاب مکمل کر سکوں۔
وقت کو جییں
بہت سارے لوگ وقت کو بچانا اور محفوظ کرنا چاہتے ہیں جب کہ اکثر اس کو صرف گزارتے ہیں۔ وقت کے بہترین استعمال کے لیے ضروری ہے کہ آپ وقت کے ساتھ جییں، بلکہ وقت کے مطابق زندگی بسر کریں۔ اس ضمن برائن ٹریسی کی کتاب ''Master Your Time, Master Your Life'' ایک شان دار گائیڈ ہے جس میں وہ ایسے طریقۂ کار سے متعارف کرواتے ہیں جس سے آپ اپنی زندگی کے ہر پہلو میں وقت کے موثر استعمال سے حیرت انگیز نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔
اپنے دن کا منصوبہ بنائیں اور اپنا احتساب کریں
آپ اپنے وقت کا اس وقت تک بہترین استعمال نہیں کر سکتے جب تک آپ اپنے دن کا مکمل طور پر منصوبہ نہیں بناتے ہیں۔ اپنے دن کی منصوبہ بندی وقت کے بہترین استعمال کی ضمانت ہے۔ دن کے آغاز پران وقتوں کے لیے بھی سرگرمیاں تیار کریں اور عادت بنائیں جب آپ کو محسوس ہو کہ ان میں کچھ ایسے لمحات ہوں گے جہاں آپ کے پاس کوئی خاطر خواہ مصروفیات نہیں ہو گی۔ اس وقت کا بہترین استعمال آپ کو دوسروں سے زیادہ کام کرنے کی صلاحیت عطا کرے گا۔
لوگ اس قیمتی وقت کو موبائل فون پر اسکریننگ اور سوشل میڈیا پر اسکرولنگ کے ذریعے ضائع کرتے ہیں، جس کا نتیجہ صفر اور منفی سوچوں اور رویوں کی صورت میں ہماری زندگی پر مرتب ہوتا ہے۔ اس نکتے کو بہتر انداز میں جاننے کے لیے برائن ٹریسی کی ایک اور مشہور کتاب ''Eat That Frog'' میں وقت کے مثبت استعمال کے 21 طریقے بیان کیے گئے ہیں۔
مستقل مزاج ہوجائیں
میرے نزدیک مستقل مزاجی تمام خوبیوں اور صلاحیتوں کی ملکہ ہے۔ اگر آپ زندگی کے کسی بھی شعبے میں کام یاب ہونا چاہتے ہیں تو صرف مستقل مزاج ہو جائیں، کام یابی یقینی طور پر آپ کے قدم چومے گی۔
ہمارے معاشرے میں لوگ ابتدائی طور پر بہت پرجوش اور پُرعزم ہوتے ہیں لیکن وقت اور حالات کے ساتھ ساتھ مستقل مزاج نہیں ہوتے اس کی وجہ سے وہ اپنے وقت کا بہترین استعمال کرنے سے محروم ہوجاتے ہیں۔ مستقل مزاج انسان وقت کا بہترین استعمال کرنے کا ہنر سیکھ جاتا ہے اور کام یابی اس کا مقدر بن جاتی ہے۔
اُمید ان سات نکات نے کسی حد تک آپ کو وقت کے بہترین استعمال کے لیے ایک نئی تحریک دی ہے۔
میں آپ کو وقت کی اہمیت اور افادیت پر مبنی دو فلموں کو دیکھنے کا مشورہ دوں گا، پہلی In Time اور دوسری The Pursuit of Happyness۔
بہترین اور کام یاب انسان وہ ہے جس نے اپنے وقت کی قدر کرتے ہوئے اپنے قیمتی moment کو movement میں بدل لیا اُس کی زندگی ایک انقلابی سفر کی جانب گام زن ہوجاتی ہے۔ تو کیا آپ بھی اپنے لمحوں کو زندگی بھر یادگار بنانے کے لیے وقت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں، ایسا ہے تو آپ کو پیشگی کام یابی مبارک ہو۔