’بابراعظم کو ابھی سیکھنے دیں کپتانی سے نہ ہٹائیں‘

آرتھر نے مشکلات سے دوچار کپتان کی حمایت کردی


Sports Desk November 13, 2023
بیٹنگ میں بڑے اسکور کیلیے ہم صرف فخر زمان پر انحصار نہیں کرسکتے، ٹیم ڈائریکٹر۔ فوٹو: فائل

مکی آرتھر نے مشکلات سے دوچار کپتان کی حمایت کردی، وہ کہتے ہیں کہ ہمیں انھیں آگے بڑھنے کا موقع دینا ہوگا۔

پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بابراعظم کو کپتان برقرار رکھنے کا مطالبہ کردیا، ورلڈکپ میں اپنے آخری لیگ میچ میں گرین شرٹس کو انگلینڈ کے ہاتھوں 93 رنز کی شکست ہوئی، ناکام مہم کی وجہ سے کپتان بابراعظم خاص طور پر مشکل میں ہیں، ایونٹ میں وہ خود بطور بیٹر بھی اچھا پرفارم نہیں کرسکے، اس لیے ان پر قیادت چھوڑنے کا بھی کافی دباؤ ہے۔

آرتھر بابر بدستور ٹیم کی قیادت کرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ میں بابر کے ساتھ کھڑا ہوں، وہ میرے بہت ہی قریب ہیں، وہ نوجوان اور انھیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ان کی حوصلہ افزائی کی جانا چاہیے، وہ بدستور ہر وقت سیکھنے میں مصروف رہتے ہیں، ہم سب جانتے ہیں کہ وہ بہت ہی بہترین بیٹر ہیں، کپتانی بھی وہ مسلسل سیکھ رہے ہیں، وہ آگے بڑھ رہے اور انھیں آگے بڑھنے دینا چاہیے، جب آپ ایسا کرتے تو غلطیاں بھی ہوتی ہے، جب تک آپ سیکھ رہے ہیں تب تک غلطیاں کوئی جرم نہیں ہیں، اس ورلڈکپ میں بھی ہم نے بہت زیادہ غلطیاں کی ہیں، اگر یہی گروپ آگے بڑھا اور اس ایونٹ سے سیکھا تو ہمیں ایک بہت ہی بہترین ٹیم میسر آجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: غیر معیاری کارکردگی؛ کپتان اور ٹیم مینجمنٹ کی کرسیاں ہلنے لگیں

مکی آرتھر ورلڈکپ میں خراب کارکردگی کی 2 وجوہات سمجھتے ہیں، ایک تو ان کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کے لحاظ سے ہم بھی بھارت، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی طرح 330، 350 کی ٹیم ہیں، باقی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں مگر ہم اس لیے پیچھے رہ گئے کہ صرف ایک بار ہی اس کا مظاہرہ کر پائے جب فخرزمان نے اپنا اصل کھیل پیش کیا، اس لیے ہم صرف ایک پلیئر پر انحصار نہیں کرسکتے، دوسری بات ہماری بولنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حارث رؤف نئی گیند کے بولر نہیں ہیں، نسیم شاہ کی انجری کے باعث عدم دستیابی سے ہمیں نقصان پہنچا، وہ اور شاہین آفریدی اچھا آغاز فراہم کرتے ہیں، اس کے بعد اسپنرز اپنا جادو جگاتے اور حارث رؤف پرانی گیند سے حصہ ڈالتے ہیں مگر میگا ایونٹ میں ہمارے اٹیک کا توازن بگڑ چکا تھا، میں بہانے نہیں بنارہا تاہم سچ بات یہ ہے کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں اچھا نہیں کھیل پائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔