شمالی وزیرستان میں فورسز کی دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں 2 سپاہی شہید

کارروائی شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کی گئی، ایک دہشت گرد ہلاک

فوٹو آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دو سپاہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اور 13 نومبر کی رات سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کی اطلاع پر کارروائی کی۔

اس دوران سیکیورٹی فورس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو جوان شہید ہوئے۔


آئی ایس پی آر کے مطابق 25 سالہ عبداللہ مردان جبکہ 19 سالہ سپاہی محمد سہیل تھرپار کر کے رہائشی تھے جنہوں نے شہادت کو گلے لگایا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کے قلع قمع کیلیے اطراف کے علاقوں میں بھی آپریشن کے دائرے کو بڑھا دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں جبکہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Load Next Story