بجلی چوری کیخلاف ایکشن پر بااثر شخص نے واسا افسر پر کلوشنکوف تان دی

تم مجھے جانتے نہیں، میں تمھیں قتل کردوں تو تمھاری قیمت ایک چونی کے برابر بھی نہیں، مسلح شخص کی سنگین دھمکیاں


Staff Reporter November 13, 2023
فوٹو اسکرین گریپ

پنجاب کے دارالحکومت میں بجلی چوری میں ملوث بااثر شہری نے واسا کے ملازمین پر کلاشنکوف تان دی۔

تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واسا غفران احمد کی ہدایات پر واسا کے افسران کی جانب سے واجبات ادا نہ کرنے اور بجلی چوری میں ملوث عناصر کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔

تاجپورہ سب ڈویژن کے انسپکٹر نوید خان پر ڈیفالٹر پراپرٹی سیوریج کنکشن منقطع کرنے پہنچے تو مسلح شخص نے ہنگامہ آرائی کی اور اُن پر کلوشنکوف تان کر قتل کی سنگین دھمکیاں بھی دیں۔

کلاشنکوف تھامے شخص نے واسا کے افسر کو مخاطب کر کے کہا کہ 'تم شاہ سے زیادہ شاہ کے زیادہ وفادار بن رہے ہو،تمہیں اگر قتل کر دوں تو تمھاری قیمت ایک چونی کے برابر بھی نہیں ہے، تم مجھے جانتے نہیں کہ میں کیا کرسکتا ہوں'۔

دوسری جانب ایم ڈی واسا غفران احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کیخلاف سخت ایکشن کی ہدایت دی۔ جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز بھٹی واہگہ ٹاؤن، ملک آصف نے ملزم کیخلاف کارروائی کیلیے ایس ایچ او گڑھی شاہو کو درخواست دے دی۔

ایم ڈی واسا نے تمام ٹاونز کو احکامات دے دیے ہیں کہ کار سرکار میں مداخلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈیفالٹر پراپرٹی پر ہنگامہ آرائی ،کارسرکار میں مداخلت کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آخری روپے کی ریکوری تک یہ گرینڈ آپریشن جاری رہے گا اور ہم کسی بھی شخص کا دباؤ برداشت نہیں کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں