پولیس مقابلے میں گینگ وار کے 2 کارندے ہلاک 2 فرار

کورنگی چکرا گوٹھ میں منشیات فروشوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی زخمی ہوگیا


Staff Reporter May 23, 2014
پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا, فوٹو:فائل

لیاری عثمان آباد میں پولیس مقابلے میں2ملزمان مارے گئے اور 2 فرار ہوگئے، ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق گینگ وار عذیر بلوچ گروپ سے تھا، کورنگی چکرا گوٹھ میں منشیات فروشوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی زخمی ہوگیا۔

پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،تفصیلات کے مطابق عثمان آباد فاروق کیمیکل والی گلی میں پولیس مقابلے میں2ملزمان ہلاک اور2 فرار ہو گئے ،ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے، کلاکوٹ تھانے کے ڈیوٹی افسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ2موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان عثمان آباد مل ایریا کے قریب واردات کی نیت سے گھوم رہے تھے کہ اے ایس آئی ارشاد اور پولیس پارٹی کو علاقے کے ایک تاجر نے اطلاع دی۔

پولیس کے پہنچنے پر ملزمان اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فاروق کیمیکل والی گلی میں گھس گئے،پولیس نے ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں2 ملزمان ہلاک جبکہ ان کے2 ساتھی موقع سے فرارہوگئے ، ہلاک ہونے والے ایک ملزم کی شناخت28سالہ فیاض بلوچ عرف ماٹھا ولد فقیر محمد بلوچ کے نام سے کر لی گئی، دوسرے ملزم کی شناخت نہیں کی جا سکی جس کی عمر28 سال کے قریب ہے ، ہلاک ہونے والا ملزم فیاض بلوچ ہمایوں کمفٹس حسین بخش روڈ گلی نمبر9 کیماڑی کا رہائشی اور لیاری گینگ وار کے عذیر بلوچ گروپ کے اہم کردار تاج الدین عرف تاجو گروپ کا کا کارندہ تھا ، ہلاک ہونے والا ملزم لیاری ٹاؤن پولیس کو قتل ، اقدام قتل ، اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری اور پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔

ہلاک اور فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف کلاکوٹ تھانے میں ایف آئی آر نمبر 178/14درج کر لی ، زمان ٹائون پولیس نے چکرا گوٹھ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی اس دوران منشیات فروشوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی35سالہ امداد علی پنہور زخمی ہوگیا پولیس کی جوابی فائرنگ سے منشیات فروش عادل بلوچ ولد اقبال بلوچ زخمی ہوگیا ، پولیس نے زخمی ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور 500 گرام چرس برآمد کرلی ، زخمی اے ایس آئی اور ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔