ریزرو ڈے پر بھی سیمی فائنل بے نتیجہ رہا تو فائنل میں کون جائے گا
سیمی فائنل اور فائنل میچز میں 120 منٹ کا اضافی وقت اور ریزرو ڈے دیا جائے گا
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا پہلا سیمی فائنل کل بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین ممبئی میں کھیلا جائے گا لیکن اگر بارش کی وجہ سے میچ مقررہ دن کے بعد ریزرو ڈے پر بھی نتیجہ خیز نہ ہوسکا تو کیا ہوگا؟۔
Accuweather کے مطابق بدھ کو ممبئی میں دھوپ نکلے گی اور میچ کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔ ایسے میں شائقین کو پورے 100 اوورز کا میچ دیکھنے کو ملے گا تاہم میچ کے دوران بارش ہونے کی صورت میں بھی شائقین کو گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ آئی سی سی نے ایک دن ریزرو میں رکھا ہے۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ؛ بھارت اور نیوزی لینڈ میں کس کا پلڑا بھاری؟
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے مقرر کردہ پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق سیمی فائنل اور فائنل میچز میں ہر ایک کو 120 منٹ کا اضافی وقت دیا جائے گا تاہم اگر کوئی میچ مقررہ دن پر نتیجہ خیز نہیں ہوتا تو پھر ایک ریزرو دن کھیلا جائے گا۔ اگر ریزرو ڈے پر بھی نتیجہ حاصل نہ ہوسکا تو پوائنٹس ٹیبل میں بہتر پوزیشن پر آنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔
اس کا مطلب ہے کہ اگر سیمی فائنل میں میچ کے دن اور ریزرو ڈے دونوں میں بارش نے کھیل خراب کیا تو بھارت اور جنوبی افریقا اپنے حریفوں کے مقابلے پوائنٹس ٹیبل میں بہتر کارکردگی کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائیں گے۔
پوائنٹس ٹیبل میں ہندوستان پہلے جبکہ نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر ہے اسی طرح جنوبی افریقا اور آسٹریلیا بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ سیمی فائنل؛ ریزرو ڈے کب اور کیسے استعمال کیا جاسکتا ہے؟
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کل بدھ کے روز میزبان بھارت اور نیوزی لینڈ جبکہ دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فائنل اتوار 19 نومبر کو احمد آباد میں ہوگا۔