آئی ایم ایف سے مذاکرات میں بڑی پیشرفت حتمی راؤنڈ آج ہوگا

آج ہونے والی بیٹھک میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے کا امکان ہے، ذرائع وزارت خزانہ

(فوٹو: فائل)

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ جائزہ مشن کے درمیان جاری پالیسی سطح کے مذاکرات میں اقتصادی جائزہ کی تکمیل پر اصولی اتفاق رائے ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کے فراہم کردہ ڈیٹا و پلانز کی تکنیکی تصدیق کے بعد آج(بدھ) کو ہونیوالے مذکرات کے آخری راؤنڈ میں اقتصادی جائزہ مثبت طور پر مکمل ہونے کی توقع ہےاور مذاکرات میں طے پانے والے نکات کے تناظر میں میمورنڈم آف اکنامک اینڈ پالیسی فریم ورک(ایم ای ایف پی) سمیت مشترکہ اعلامیہ کے مسودے کی تیاری پر بھی کام شروع ہوگیا ہے۔

آج ہونے والے آخری روز پالیسی سطح کے مذاکرات میں اسٹاف لیول کے معاہدے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ روز پالیسی سطح کے مذاکرات میں اہم امور طے پانے کے بعد آئی ایم ایف جائزہ مشن کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا ہے۔


پاکستان کی معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف جائزہ مشن کے درمیان آج ہونے والے پالیسی سطح کے مزاکرات کے آخری روز آئی ایم ایف اپنی تکنیکی سطع پر کراس بیکنگ و تصدیق کے بعد اقتصادی جائزہ کی تکمیل کے حوالے سے اور مشترکہ اعلامیہ و ایم ای ایف پی کے مسودے کی نوک پلک درست کی جائے گی اور اسکے بعد مذاکرات کے اختتام کا باقاعدہ اعلان کرکے مشترکہ اعلامیہ جاری کئے جانے کی توقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کو ہونیوالے پالیسی سطح کے مذاکرات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات سرکاری اداروں میں اصلاحات، نجکاری پروگرام کی پیش رفت، آمدن بڑھانے، اخراجات میں کمی، ڈالر اِن فلوز، ادارہ جاتی اصلاحات، قرض پروگرام کے دوران توانائی کے شعبے میں سبسڈی نہ دینے، بجٹ خسارہ کم کرنیکے اقدامات، پاور سیکٹر اور پیٹرولیم سیکٹر کے لیے ری بیسنگ،ایڈجسٹمنٹ اور گردشی قرضے میں کمی کا پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان شرح سود مزید نہ بڑھانے پر اتفاق ہوا البتہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کوئی بھی فیصلہ کرنے کیلئے خود مختار رکھا گیا ہے۔ حکام وزارت خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ بیرونی امداد (فنانسنگ) کے معاملے پر بھی آئی ایم ایف مطمئن ہے اور دوست ممالک کی جانب سے بھی آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروادی گئی ہے۔

علاوہ ازیں پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ کے معاملے سمیت دیگر امور بھی زیر غور آئے ہیں اورآئی ایم ایف کو مزید دس لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے پلان سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونیوالے اختتامی راونڈ میں نوک پلک درست کرکے باضابطہ مذاکرات اور اقتصادی جائزہ کی تکمیل کا اعلان متوقع ہے۔
Load Next Story