برائن لارا ’’اسلام کی دعوت‘‘ سے متاثر ہوا تھا انضمام الحق
محمد یوسف نے کراچی ٹیسٹ میں برائن لارا کو دین کی دعوت دی تھی، سابق چیف سلیکٹر
قومی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اور کپتان انضمام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ معروف پاکستانی کرکٹر محمد یوسف نے لیجنڈری بلے باز برائن لارا کو اسلام کی دعوت دی جس پر وہ متاثر ہوا تھا۔
انضمام الحق کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ قومی کھلاڑیوں کی کرکٹ کے ساتھ دعوت تبلیغ کے حوالے سے بھی گفتگو کررہے ہیں۔
سابق چیف سلیکٹر نے بتایا کہ 'کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران محمد یوسف نے برائن لارا کو کھانے پر مدعو کیا اور پروگرام بنایا کہ اُسے دین کی دعوت دوں گے'۔
مزید پڑھیں: ''ہمارے سابق کرکٹرز ٹیم کے ہارنے کی بد دعائیں کرتے ہیں''
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ 'ہمارے کراچی کے ایک بزرگ ہیں شیخ ہاشم، انہوں نے برائن لارا کو دین کی دعوت دی اور بتایا کہ ہم کس طرح اپنے اللہ کی بات مانتے ہیں، کس طرح حضور ﷺ کے طریقے پر زندگی گزار رہے ہیں ، کس طرح ماں باپ کی خدمت اور بیوی کے ساتھ تعلقات، بچوں کی پرورش اور پڑوسیوں کے حقوق ادا کرتے ہیں'۔
انضمام الحق نے کہا کہ برائن لارا یہ سُن کر خاموش ہوا اور ایسا متاثر ہوا کہ کہا واقعی زندگی اسی طرح سے گزارنی چاہیے اور ہماری زندگی اس طرح سے ہونی چاہیے۔
مزید پڑھیں: استعفیٰ یا برطرفی؛ بابر اور آرتھر کیلیے مشکل فیصلے کا وقت قریب
اپنے ویڈیو پیغام میں انضمام الحق نے یہ بھی کہا کہ ہربھجن سنگھ نے کہا تھا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ مولانا کی بات مان لوں مگر تمھیں دیکھ کر رک جاتا ہوں کیونکہ تمھاری زندگی اُس طرح کی نہیں ہے۔
اس واقعے کو بنیاد بنا کر انضمام الحق نے محفل میں بیٹھے افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آجکل جو دین سے دوری ہے وہ ہماری اور ہمارے لوگوں کی وجہ سے ہے۔