استعفیٰ یا برطرفی بابر اور آرتھر کیلیے مشکل فیصلے کا وقت قریب

آج دونوں میٹنگ میں شریک ہوں گے،بابر کی ذکا سے الگ ملاقات بھی طے


Saleem Khaliq November 15, 2023
آج دونوں میٹنگ میں شریک ہوں گے،بابر کی ذکا سے الگ ملاقات بھی طے۔ فوٹو: فائل

استعفیٰ یا برطرفی بابر اعظم اور مکی آرتھر کیلیے مشکل فیصلے کا وقت قریب آ گیا جب کہ آج دونوں دیگر آفیشلز کے ساتھ بورڈ حکام سے میٹنگ میں شریک ہوں گے۔

ایشیا کپ اور ورلڈکپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد بابر اعظم کی کپتانی پر تنقید کے نشتر برسائے جا رہے ہیں، کئی سابق اسٹارز نے انھیں قیادت چھوڑ کر صرف بیٹنگ پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بورڈ بھی اس سے متفق ہے، البتہ بعض حلقوں نے آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز میں بابر کو کپتان برقرار رکھنے اور صرف وائٹ بال میں ذمہ داری واپس لینے کا مشورہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر سلیکشن کمیٹی فارغ

آج میٹنگ میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کپتان سے دوٹوک بات کریں گے، ذرائع کے مطابق بابر خود بھی قیادت چھوڑ سکتے ہیں، البتہ اگر ایسا نہ ہوا تو بورڈ کو خود کوئی قدم اٹھانا پڑے گا۔

حکام سمجھتے ہیں کہ کپتانی کے بوجھ سے آزاد ہو کر بابر بطور بیٹر ٹیم کے زیادہ کام آ سکتے ہیں، بھارتی ویراٹ کوہلی کا بھی کھیل قیادت چھوڑنے کے بعد مزید بہتر ہو گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'بابراعظم کو ابھی سیکھنے دیں، کپتانی سے نہ ہٹائیں'

ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر سمیت دیگر کوچز کو بھی مستعفی ہونے کا آپشن دیا جائے گا، اگر وہ نہ مانے تو معاہدے کی تکمیل تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی وغیرہ میں کام کرنے کی ہدایت ملے گی، پی سی بی حکام ملکی کوچز کا تقرر چاہتے ہیں، اس حوالے سے مختلف آپشنز پر پہلے ہی غور شروع ہو چکا ہے۔

یاد رہے کہ آرتھر آن لائن کوچنگ کی وجہ سے زیرتنقید رہے ہیں،انھوں نے انگلش کائونٹی ڈاربی شائر کے ساتھ مصروفیات کی وجہ سے کْل وقتی ملازمت قبول نہ کی تھی،ڈویڑن ٹو چیمپئن شپ میں ان کی ٹیم14 میں سے کوئی میچ نہیں جیت سکی اور8 ٹیموں میں چھٹے نمبر پر رہی تھی۔

ورلڈکپ میں پاکستانی سائیڈ کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی اور وہ سیمی فائنل میں بھی رسائی حاصل نہیں کر سکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں