سکرنڈ ماڑی جلبانی واقعے کی تفتیش ڈی آئی جی بے نظیر آباد کے سپرد

آئندہ سماعت پر رپورٹ اور مقتولین کے ورثا کو پیش کرنے کا حکم


کورٹ رپورٹر November 15, 2023
آئندہ سماعت پر رپورٹ اور مقتولین کے ورثا کو پیش کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے سکرنڈ ماڑی جلبانی میں 4 افراد کے قتل اور عورت سمیت دیگر کے زخمی ہونے سے متعلق تہماس رشید اے رضوی و دیگر وکلا کی درخواست پر تفتیش ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد کے سپرد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ اور مقتولین کے ورثا کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

دو رکنی بینچ کے روبرو سکرنڈ ماڑی جلبانی میں 4 افراد کے قتل اور عورت سمیت دیگر کے زخمی ہونے سے متعلق تہماس رشید اے رضوی و دیگر وکلا کی واقعے کی جوڈیشل انکوائری اور ملزمان کی گرفتاری کی درخواست پر سماعت پر ہوئی۔

ایس ایس پی شہید بے نظیر آباد عدالت میں پیش ہوئے۔ ایس ایس پی نے رپورٹ جمع کرائی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقتولین کے ورثا اور زخمیوں کو معاوضہ ادا کردیا گیا ہے۔ مقتولین کے ورثا کو عدالت میں پیشی کے لئے نوٹس کی تعمیل بھی کی گئی۔

جسٹس امجد علی سہتو نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے مقتولین کے ورثا کو اپنے دفتر میں بلا کر نوٹس وصول کروائے۔ پولیس چالان میں ملزمان نامعلوم کیوں ہیں؟ آپ خود کہتے ہیں کہ پولیس مشکوک افراد کی تلاش میں گئی تھی۔ اگر پولیس مقابلہ ہوا تو ملزمان نامعلوم کیوں ہیں؟

ایس ایس پی شہید بے نظیر آباد نے کہا کہ پولیس کا اور مدعی مقدمہ کا موقف ایک ہی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر مرنے والے جرائم پیشہ تھے تو انکے ورثا کو معاوضہ کیوں دیا گیا؟ ہم پولیس کی اب تک کی تفتیش سے مطمئن نہیں۔

عدالت نے مقدمے کی تفتیش ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد کے سپرد کردی اور آئندہ سماعت پر ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد کو پیش رفت رپورٹ کے ہمراہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے ڈی آئی جی کو مقتولین کے ورثا کو بھی آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا اور سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں