کاؤنٹی کرپشن اسکینڈل پاکستانی ڈومیسٹک پلیئر نوید کا دامن بھی داغدار

انگلش بورڈ نے ونسنٹ کے ساتھ نوید عارف کو بھی عارضی طور پر معطل کردیا۔


Sports Desk May 23, 2014
انگلش بورڈ نے ونسنٹ کے ساتھ نوید عارف کو بھی عارضی طور پر معطل کردیا۔ فوٹو: فائل

کاؤنٹی کرپشن اسکینڈل سے پاکستانی ڈومیسٹک پلیئر نوید عارف کا دامن بھی داغدار ہوگیا، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ لوونسنٹ کے ساتھ انھیں بھی عارضی طور پر معطل کرچکا ہے، ان پر 6 الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کائونٹی کرکٹ فکسنگ میں لوونسنٹ کے ساتھ ایک پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹر نوید عارف کے بھی ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے، انھوں نے 43 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں، وہ گوجرانوالہ کرکٹ ایسوسی ایشن، سیالکوٹ، سیالکوٹ اسٹالینز اور سسیکس کی نمائندگی کر چکے، ان پر اگست 2011 میں سسیکس اور کینٹ کے درمیان پرو 40 میچ میں فکسنگ کا الزام ہے، اس میں ان کی ٹیم کو 14 رنز سے شکست ہوئی تھی، نوید عارف نے 6 اوورز میں 41 رنز دیے تھے، یہ ان کی 40 اوورز کی کرکٹ میں دوسری بدترین بولنگ تھی، بعد میں 217 رنز ہدف کے دوران نویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے نوید نے 29 بالز پر صرف 11 رنز بنائے،لوونسنٹ 6 بالز پر صرف ایک رن بناکر رن آئوٹ ہوگئے تھے۔

نوید عارف کو مڈل سیکس کیخلاف اگلے میچ سے ڈراپ کردیا گیا تھا،اس کے بعد وہ سسیکس کی جانب سے مزید تین ون ڈے میچز ہی کھیل پائے تھے، 2012 میں انھیں کنٹریکٹ سے ریلیز کردیا گیا،اسی سال کے اختتام پر نوید عارف نے پاکستان کے ٹوئنٹی 20 ایونٹ میں سیالکوٹ اسٹالینز کی نمائندگی کی تھی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے بیان میں کہا گیاکہ نوید عارف کو سسیکس اور کینٹ کے میچ کے حوالے سے 6 الزامات کا سامنا ہے، نیوزی لینڈ کے لوونسنٹ کو 14 جرائم کا مرتکب ٹھہرایا گیا، دونوں کو پہلے ہی عارضی طور پر معطل کیا جاچکا ہے۔

ای سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرس واٹس نے کہا کہ انتہائی پیچیدہ اور طویل تحقیقات دنیابھر میں جاری ہیں، یہ معاملہ اب ایک باقاعدہ قانونی حیثیت اختیار کرگیا،اس لیے اس پر مزید بات نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ کہ لوونسنٹ پہلے ہی اپنے جرائم کا اعتراف کرچکے ہیں، نوید عارف پر الزامات ثابت ہونے کی صورت میں دونوں پر تاحیات پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں