میری شادی کا جوڑا کاپی کیوں کیا صبور علی ناراض
کسی چیز سے متاثر ہونے اور کاپی کرنے میں بہت فرق ہوتا ہے، صبور علی
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبور علی نے نجی ٹی وی چینل کے ڈراما سیریل "منت مراد" میں اُن کی شادی کا جوڑا اور یادگار لمحات کو کاپی کرنے پر شکوے کا اظہار کیا ہے۔
خوبرو اداکارہ اقرا عزیز اور اداکار طلحہ چہور کا نجی ٹی وی چینل سے ڈراما سیریل "منت مراد" نشر کیا جارہا ہے جسے سامعین کی طرف سے خوب پذیرائی بھی مل رہی ہے، گزشتہ روز اس ڈرامے کی نشر ہونے والی قسط میں منت اور مراد (اقرا عزیز اور طلحہ) کی شادی کے مناظر دکھائے گئے۔
منت اور مراد کی شادی دیکھ کر جہاں ڈرامے کے مداح خوش ہوئے تو وہیں صبور علی ناراض ہوگئیں کیونکہ اس ڈرامے میں شادی کی مکمل تھیم کو صبور علی اور علی انصاری کی اصل شادی سے کاپی کیا گیا۔
صبور علی نے اپنی شادی کے دن معروف ڈیزائنر فائزہ ثقلین کا تیار کردہ کامدانی عروسی لباس زیب تن کیا تھا جس کے ساتھ اُنہوں نے روایتی سفید اور گولڈ جیولری کا انتخاب کیا تھا۔
علی انصاری اور صبور کی شادی کی تھیم کے لیے سفید رنگ کے پھولوں کا انتخاب کیا گیا تھا اور اسٹیج پر اُردو زبان میں صبور علی اور علی انصاری کا نام درج تھا۔
اب ڈراما سیریل "منت مراد" میں اقرا عزیز نے شادی کے سین کے لیے ڈیزائنر فائزہ ثقلین کا وہی جوڑا پہنا جو صبور نے اپنی شادی پر پہنا تھا جبکہ شادی کی مکمل تھیم بھی وہی تھی جو علی انصاری اور صبور علی کی شادی کی تھی۔
شادی کے حسین لمحات کو کاپی کرنے پر صبور علی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ کی اسٹوری میں اپنی اور اقرا عزیز کی تصویر پوسٹ کی۔
صبور علی نے کہا کہ "میں یہ سب دیکھ کر کیسا محسوس کروں؟ میری زندگی کی حسین یادیں، میرے یادگار اور قیمتی لمحات، میرے جذبات اور میری زندگی کا سب سے اہم اور خاص دن کا میرا لباس اور میری جیولری سے لیکر میرے میک اپ تک کو ڈرامے میں کاپی کیا گیا ہے"۔
اُنہوں نے کہا کہ "میں نے اپنی شادی کے لیے لباس، جیولری اور میک اپ سے لیکر تھیم تک کے لیے بہت محنت کی تھی لیکن یہاں میری پوری شادی کو ہی کاپی کرلیا گیا"۔
اداکارہ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ "کسی چیز سے متاثر ہونے اور کاپی کرنے میں بہت فرق ہوتا ہے"۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس جنوری میں صبور علی اور علی انصاری کی شادی ہوئی تھی جس میں کئی مشہور شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔