2 لاکھ سے زائد غیرقانونی افغان شہریوں کی واپسی ہوچکی ہے دفترخارجہ

عالمی برادری اسرائیل کے غزہ میں اسپتالوں پر حملوں کا نوٹس لے، ترجمان دفترخارجہ


ویب ڈیسک November 16, 2023
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم جاری ہیں، دفترخارجہ:فوٹو:فائل

ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ اب تک 2 لاکھ سے زائد غیرقانونی افغان شہری وطن واپس جا چکے ہیں۔

دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ 31 اکتوبر کو ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیر قانونی افغان شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 2 لاکھ 28 ہزار 574 غیرقانونی افغان شہری واپس جا چکے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کے محفوظ انخلاء کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ افغان باشندوں کی باعزت طریقے سے افغانستان واپسی کے لئے دیگر اقدامات کے علاوٴہ ان کی عارضی رہائش کے لئے مختلف اضلاع میں تمام سہولیات سے آراستہ ٹرانزٹ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔بذریعہ طورخم اور چمن بارڈر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افغان شہری اپنے وطن واپس جا رہے ہیں۔

دفترخارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 11 نومبرکو ریاض میں او آئی سی عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی اوراپنے خطاب میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔ نگراں وزیراعظم نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت کے مظالم جاری ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی غزہ میں اسپتالوں پر حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کا نوٹس لے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل کو ذمے دار ٹھہرائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں