تحریک انصاف نے عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کیلیے درخواست دائر کردی

گورنر خیبرپختونخوا، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں، پی ٹی آئی کی پشاور ہائیکورٹ میں درخواست


ویب ڈیسک November 16, 2023
فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا میں عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کیلیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے درخواست ترجمان معظم بٹ ایڈوکیٹ نے دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آرٹیکل 218 (3) کے تحت صاف شفاف اورغیرجانبدارالیکشن کرانا لازمی ہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گورنر خیبر پختونخوا اور نگراں صوبائی حکومت کی آئینی حیثیت بھی متنازع ہوگئی جبکہ تحریک انصاف کو صوبے میں سیاست کے یکساں مواقع فراہم نہیں کیے جارہے، جلسے اور کنونشن تک کی اجازت نہیں اور پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور مقامی قیادت گرفتار یا مقدمات کا سامنا کررہی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نگران حکومت غیر جانب دار نہیں رہی بلکہ پی ٹی آئی مخالف ہے، موجودہ گورنر کی موجودگی میں صاف شفاف الیکشن کا امکان نہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے بھی انتخابات کی انعقاد میں غیر آئینی تاخیر کی۔

استدعا کی گئی ہے کہ عدالت گورنر کو صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کے عمل میں دخل اندازی سے روکے، صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات جوڈیشل افسران کے تحت کروائے جائے۔

درخواست میں وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت ، گورنر کے پی ، الیکشن کمیشن ، خیبر یونین آف جرنلسٹس اور پشاور پریس کلب کو فریق بنایا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں