رشمیکا کترینہ کے بعد کاجول کی بھی ڈیپ فیک ویڈیو وائرل
ویڈیو میں کاجول کو کیمرے کے سامنے لباس تبدیل کرتے ہوئے دِکھایا گیا ہے
تامل فلموں کی خوبرو اداکارہ رشمیکا مندانا اور بالی ووڈ کوئین کترینہ کیف کے بعد ماضی کی مقبول ترین بھارتی اداکارہ کاجول کی بھی"ڈیپ فیک" (جعلی) ویڈیو وائرل ہوگئی۔
گزشتہ کچھ دنوں سے بھارتی اسٹارز آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سے تیار کردہ نامناسب جعلی تصاویر اور ویڈیوز کا شکار ہورہے ہیں، جن میں سب سے پہلے تامل فلموں کی خوبرو اداکارہ رشمیکا مندانا کی نامناسب ڈیپ فیک (جعلی) ویڈیو وائرل ہوئی اور پھر کترینہ کیف کی جعلی تصویر منظرِ عام پر آئی۔
اب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ماضی کی مقبول ترین بالی ووڈ اداکارہ کاجول کی بھی "ڈیپ فیک" (جعلی) ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے، ویڈیو میں کاجول کو کیمرے کے سامنے لباس تبدیل کرتے ہوئے دِکھایا گیا ہے۔
کاجول کی نامناسب جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اس ویڈیو کو اصلی سمجھا اور کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون حقیقت میں کاجول ہی ہیں۔
مزید پڑھیں: رشمیکا مندانا جعلی ویڈیو کیس؛ پولیس نے ملزم کا پتا لگالیا
بعدازاں، سوشل میڈیا پر یہ نشاندہی کی گئی کہ یہ ویڈیو دراصل روزی برین نامی انگریز سوشل میڈیا اسٹار کی ہے، اُنہوں نے یہ ویڈیو "گیٹ ریڈی ود می" (GRWM) ٹرینڈ میں شامل ہوتے ہوئے 5 جون 2023 کو ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پوسٹ کی تھی۔
اب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایڈیٹ شدہ ویڈیو میں برین روزی کے چہرے کی جگہ کاجول کا چہرہ لگایا ہوا ہے جسے دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ کاجول لباس تبدیل کرتے ہوئے کیمرے کے سامنے اپنا جسم دِکھا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: رشمیکا، کترینہ کے بعد سارہ ٹنڈولکر اور شبمن گل کی بھی جعلی تصویر وائرل
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں کاجول کا چہرہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے تبدیل کیا گیا ہے، جو ویڈیوز اور تصاویر میں کسی بھی انسان کے چہروں کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا کی لفٹ میں نازیبا لباس پہنے داخل ہوتے ہوئے ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں نامناسب انداز میں کپڑے تبدیل کرتے ہو ئے دکھایا گیا تھا، جو ویڈیو زارا نامی خاتون کی تھی، رشمیکا مندانا نے جعلی ویڈیو کو ' انتہائی خوف زدہ ' کرنے والا عمل قرار دیا تھا۔
رشمیکا مندانا کی ویڈیو وائرل ہونے کے دو روز بعد ہی بالی ووڈ کوئین کترینہ کیف کی بھی آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سے تیار کردہ نامناسب جعلی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
مزید پڑھیں: رشمیکا مندانا کے بعد کترینہ کیف کی بھی نامناسب جعلی تصویر وائرل
جعلی تصاویر اور ویڈیوز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ابھی بھارتی حکومت حرکت میں آئی ہی تھی کہ سارہ ٹنڈولکر اور بھارتی کرکٹر شبمن گِل کی بھی جعلی تصویر منظرِ عام پر آگئی تھی۔