بیرون ملک ملازمت کی آڑ میں لاکھوں روپے بٹورنے والا ملزم گرفتار پاسپورٹس برآمد

ملزم بغیر لائسنس سادہ لوح شہریوں سے پاسپورٹس وصول کرتا رہا، متعدد فارمز، چیک بکس اور دیگر سفری دستاویزات برآمد


ویب ڈیسک November 17, 2023
ملزم منصور علی کو کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سے گرفتار کیا گیا

ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کراچی نے ایک کارروائی میں بیرون ملک ملازمت کی آڑ میں پیسے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کرکے متعدد پاسپورٹس برآمد کرلیے۔

ڈائریکٹر کراچی زون ضعیم شیخ کی ہدایت پر انسانی اسمگلرز کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل بہاول اوستو کے احکامات پر چھاپا مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم منصور علی کو کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سے گرفتار کیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث تھا، جو بغیر لائسنس سادہ لوح شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کی آڑ میں پاسپورٹس وصول کر رہا تھا۔ ملزم نے شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے۔ چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے متعدد پاسپورٹس برآمد کر لیے گئے۔

ملزم سے متعدد فارمز، چیک بکس، اسٹمپس اور دیگر سفری دستاویزات بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں