لاہور ہائیکورٹ اسموگ کے تدارک کیلیے سرکاری سطح پر سائیکلنگ کو فروغ دینے کی ہدایت

جو افسران اسموگ تدارک کیلیے اقدامات نہ کریں ، ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے ، عدالت عالیہ

(فوٹو: فائل)

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کی تدارک کےلیے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے سرکاری سطح پر سائیکلنگ کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسموگ کے حوالے سے اقدامات نہ کرنے والے افسران کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے. لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے اسموگ کے تدراک کے لیے سفارشات پیش کیں، جن میں بتایا گیا کہ ریسٹورنٹس کو جلد بند کرنے اور جم وغیرہ کو بند کرنے کی سفارشات تیار کی ہیں، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ کچھ سفارشات غیر ضروری ہیں۔ جم تو کورونا کے دوران بند ہوئے تھے ۔


جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ بھارت میں فصلوں کی باقیات بہت زیادہ جلائی جاتیں ہیں ۔ اگر ہوا انڈیا سے پاکستان کی جانب سے چلے تو تمام اثرات پاکستان میں آئیں گے۔ عدالت نے گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کے خلاف بھی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی.

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ڈپٹی کمشنرز زسموگ سے متعلق آگاہی واک کرکے کہتے ہیں کہ ہم نے اپنا کردار ادا کردیا۔ جو افسران اسموگ کے حوالے سے اقدامات نہ کریں ، ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے ۔برطانیہ میں ججز آج بھی سائیکلوں پر آتے ہیں۔ سائیکلنگ کو فروغ دیں ، حکومتی سطح پر اقدامات ہوں تو مثبت اثرات آئیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت سماعت 22 نومبر تک ملتوی کردی۔
Load Next Story