کراچی میں گٹروں کے ڈھکن غائب گندا پانی سڑکوں پر جمع

بلدیاتی اداروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے بلدیاتی امور ٹھپ


Staff Reporter November 18, 2023
لائنز ایریا میں مرکزی سڑک پر سیوریج نظام کی خرابی سے گندا پانی جمع ہے ،سڑک سے گاڑی سواروں کا گزرنا محال ہوگیا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

بلدیاتی اداروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی،محکمہ خزانہ سے معاہدے کے باوجود یوسیز کے ملازمین کو آن لائن نہ کیے جانے۔

افسران کے مسلسل تبادلے اور تعیناتی ،یوسیز ملازمین کے تبادلوں کی ممکنہ فہرست کے اجرا اور دیگرامور میں ملازمین کی مشکلات کے باعث بلدیاتی امور ٹھپ ہو گئے ہیں ،میئر کی جانب سے تیار کیے گئے ہزاروں گٹر کے ڈھکن بھی شہری ڈھونڈ رہے ہیں۔

واٹر کارپوریشن کے افسران بھی فراہمی اور نکاسی کے نظام کی درستی اور موثر فعالیت میں ناکام ہوچکے ہیں،کئی علاقوں میں گٹر کے ڈھکن نہ لگنے سے موٹرسائیکل سواروں کو حادثات پیش آچکے ہیں۔

کئی بچوں کی جانیں جاچکی ہیں،مساجد اور گلیوں میں گندا پانی جمع ہے، کئی مارکٹیوں کی گلیاں گندے پانی کے باعث کیچڑ اور غلاظت سے بھری ہوئی ہیں ،تفصیلات کے مطابق ٹاؤن اور یوسیز کے ملازمین تنخواہ کی عدم ادائیگی اور آن لائن رجسٹرڈ نہ کیے جانے پرمسلسل احتجاج کررہے ہیں ، بلدیاتی امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔

ملیر ،شاہ فیصل کالونی ،کورنگی ،لانڈھی ،گلشن اقبال ،گلستان جوہر ،نارتھ کراچی ،نارتھ ناظم آباد ،ناظم آباد، لیاری ،کھاردار،لیاقت آباد ،بلدیہ ٹاؤن ،سرجانی ٹاؤن،گلشن معمار ،اسکیم 33 ،اورنگی ٹاؤن،پی آئی بی کالونی ،صدر،رنچھوڑ لائن ،رام سوامی ،لائنز ایریا، کیماڑی اور دیگر علاقوں کی کئی سڑکوں اور گلیوں میں گندا پانی جمع ہے۔

کچرے کے ڈھیر لگے ہیں ،گٹر کے ڈھکن غائب ہیں ،شہریوں کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کی جانب سے گٹر کے ہزاروںڈھکن تیار کیے گئے تھے ،اعلیٰ معیار کابھی دعویٰ کیا گیا تھا ،گٹر کے ڈھکن کہاں گئے ؟ واٹر کارپوریشن کے افسران کی نااہلی کے باعث گھروں ،سڑکوں اور مارکیٹوں میں گندا پانی بہہ رہاہے۔

افسران دفاتر اور گھروں میں بیٹھ کر بھاری تنخواہ اور مراعات کے مزے لے رہے ہیں ،شہریوں نے نگراں وزیراعلیٰ ،وزیر بلدیات اور چیف سیکریٹری سندھ سے مطالبہ کہ شہر میں بلدیاتی صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں