غزہ میں مواصلاتی نظام تباہ اقوام متحدہ امدادی سرگرمیاں روکنے پر مجبور

غزہ میں مواصلاتی بلیک آؤٹ کے باعث غذائی اشیا سمیت دیگر سامان کی ترسیل روکنے پر مجبور ہوگئے ہیں، اقوام متحدہ

غزہ کو فراہم کی جانے والی محدود امداد ناکافی ہے، عالمی تنظیمیں:فوٹو:سوشل میڈیا

غزہ پر اسرائیلی بمباری سے مواصلاتی نظام تباہ ہونے کے باعث اقوام متحدہ کی جانب سے غذائی اشیا کی ترسیل معطل ہوگئی۔

اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) کی ترجمان جولیٹ ٹوما نے بیان میں کہا کہ غزہ میں رابطے کٹ جانے اور مواصلاتی بلیک آؤٹ نے غزہ کے لیے غذائی اشیا سمیت دیگر امدادی سامان کی ترسیل روکنے پر مجبور کردیا۔


غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ میں بڑے پیمانے پر بھوک و افلاس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا تاہم اس تشویشناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوشاں عالمی ادارے کو بھی اب مجبوراً غذائی اشیاء کی ترسیل سمیت اپنی دیگر سرگرمیاں روکنی پڑ گئی ہیں۔

قابض اسرائیلی فوج نے گزشتہ کئی ہفتوں سے غزہ میں بجلی ، انٹرنیٹ اور ایندھن کی فراہمی بند کی ہوئی ہے اور غزہ کے 23 لاکھ سے زائد شہری محصور ہوچکے ہیں۔ عالمی اداروں نے غزہ کو فراہم کی جانے والی محدود امداد کو ناکافی قرار دیا ہے۔

ورلڈ فوڈ پروگرام اور دیگر تنظیمیوں نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے بڑے پیمانے پرغذائی اشیا سمیت دیگر امدادی سامان کی ترسیل کی اجازت نہیں دی توغزہ میں قحط کا خطرہ ہے۔ دوسری جانب امریکا کے کہنے پر اسرائیل نے اقوام متحدہ کو غزہ میں صرف 60 ہزار لیٹرروزانہ فراہم کرنے کی حامی بھری ہے۔
Load Next Story