اے این ایف کارروائیوں میں کئی من منشیات برآمد 9 ملزمان گرفتار

مختلف شہروں میں کی گئی کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے


ویب ڈیسک November 18, 2023
اے این ایف نے انسداد منشیات کے لیے 12 مختلف علاقوں میں آپریشنز کیے

اے این ایف کی اسمگلنگ کے خلاف کی گئی 12 کارروائیوں کے دوران 438 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کرکے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق کچلاک کے غیر آباد علاقے میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 289 کلو گرام مارفین برآمد کرلی گئی۔ علاوہ ازیں مستونگ کے پہاڑی علاقے میں چھپائی گئی 66 کلو گرام ہیروئن اور پنجگور میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 50 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔

پنجاب میں فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والا تنزانیہ کے باشندے کو گرفتار کرلیا گیا۔ پرواز نمبر FZ-391 کے ذریعے آنے والے ملزم کے پیٹ سے 60 کوکین بھرے کیپسولز برآمد ہوئے۔

بلکسر موٹر وے چکوال پر مسافر بس میں سوار ملزم سے 600 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ شالیمار ٹاؤن لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 12 کلو چرس اور 600 گرام افیون برآمد ہوئی۔ مسریال روڈ راولپنڈی کے قریب 2 ملزمان سے 350 ایکسٹیسی (نشہ آور) گولیاں برآمد کرلیں۔

اے این ایف نے لالک جان اسٹیڈیم گلگت کے قریب گاڑی سے 756 گرام افیون برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ انڈسٹریل روڈ پشاور کے قریب 2 موٹر سائیکل سوارملزمان سے 6 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ اُدھر حیات آباد پشاور میں ملزم کے قبضے سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی۔ زخہ خیل خیبر میں 2 کاروائیوں کے دوران 10 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔

تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں