لاہور میں گھر میں گھسنے والے 6 ڈاکو پولیس فائرنگ سے ہلاک
اہل خانہ نے ون فائیو کال کردی، سی آئی اے پولیس پہنچی تو دو طرفہ مقابلے میں تمام ڈاکو مارے گئے، آئی جی کی شاباشی
اقبال ٹاؤن میں گھر میں گھسنے والے چھ ڈاکو سی آئی اے پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور اقبال ٹاؤن میں واقع گھر میں چھ ڈاکو واردات کے لیے گھسے، اہل خانہ نے ون فائیو کو کال کرکے ڈاکوؤں کے گھسنے کی اطلاع دے دی جس پر سی آئی اے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی جہاں بہت دیر تک دونوں کے درمیان مقابلہ جاری رہا بالآخر مقابلے میں تمام ڈاکو مارے گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت علی رضا ولد منشا قوم تھیم سکنہ میاں چنوں ضلع خانیوال، عمران ولد اللہ دتہ قوم مہر سکنہ بورے والا ضلع وہاڑی، چاند ولد عبد المجید قوم موچی سکنہ ضلع وہاڑی، علی رضا ولد رحمت علی قوم رانا راجپوت سکنہ چک نمبر 102/EB تحصیل بورے والا ضلع وہاڑی، وسیم عرف چھیما ولد شریف سکنہ بورے والا وہاڑی، وسیم ولد نامعلوم سکنہ وہاڑی شامل ہیں۔
پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیں۔
واقعے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی آئی اے اور آپریشنز ونگ ٹیموں کو شاباش پیش کی ہے اور کہا ہے کہ پولیس نے 15 کی کال پر فوری ریسپانڈ کیا، ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے سی آئی اے اور آپریشنز ونگ کے مابین بہترین کوآرڈی نیشن اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا گیا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈاکوؤں کی طرف سے پولیس پر شدید فائرنگ کے باوجود بہترین حکمت عملی سے ڈاکوؤں کو کیفرکردار تک پہنچایا گیا، پنجاب پولیس شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت الرٹ ہے۔