پنجاب وائلڈ لائف کی کارروائی میں 10 ہزار سے زائد چڑیا برآمد

ملزمان لاہور میں مختلف ایجنٹوں کو چڑیا فروخت کرتے ہیں اور پھر ان پرندوں کو صدقے کے نام پر آزاد کروادیا جاتا ہے


Staff Reporter November 18, 2023
(فوٹو : پریس ریلیز)

پنجاب وائلڈ لائف نے معدومی کی شکار چڑیا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 10 ہزار چڑیاں برآمد کرکے عدالتی حکم پر کھلی فضا میں آزاد کردیں۔

پنجاب وائلڈ لائف کے مطابق لاہور کی خصوصی ٹیم نے شاہدرہ ٹول پلازا کے قریب ناکے کے دوران لاہور آنے والی ایک گاڑی کو چیک کیا جس میں بڑی تعداد میں گھریلو چڑیاں برآمد ہوئیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہور ریجن تنویر احمد جنجوعہ نے بتایا کہ دو ملزمان کے قبضے سے 10 ہزار کے قریب گھریلو چڑیا برآمد کی گئیں۔ ملزمان یہ چڑیا لاہور میں مختلف ایجنٹوں کو فروخت کرتے ہیں اور پھر ان پرندوں کو صدقے کے نام پر آزاد کروادیا جاتا ہے۔

تنویر احمد جنجوعہ کے مطابق ملزمان کے چالان کرکے مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ برآمد کی گئی تمام چڑیا کھلی فضا میں آزاد کردی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور میں صدقے کے نام پر چڑیا اور دیگر پرندے فروخت کرنے والے 10 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے سیکڑوں پرندے برآمد کیے گئے تھے۔ ان کارروائیوں کا مقصد صدقے کے نام پر پرندوں کی خرید وفروخت کو روکنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں