کراچی ایئرپورٹ پر خاتون مسافر گرفتار ڈیڑھ کروڑ کی اسمگنگ ناکام

خاتون سے آئی فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان برآمد ہوا جس پر 50 لاکھ روپے کی ڈیوٹی لاگو ہوتی ہے، حکام


Staff Reporter November 18, 2023
فوٹو: ایکسپریس ویب

کسٹمز نے جناح ٹرمینل ارائیول پر کارروائی کرتے ہوئے 1 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اشیاء اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر صائمہ علی نامی خاتون مسافر کو حراست میں لے لیا۔

کلکٹر جناح ٹرمینل کلکٹریٹ شفیق لاڈکی نے ایکسپریس کو بتایا کہ امریکا سے قطر کی پرواز کیو آر 610 کے ذریعے کراچی پہنچنے والی خاتون مسافر گرین چینل سے نکلنے کی کوشش کررہی تھی جسے کسٹمز حکام نے شک کی بنیاد پر روکا۔

خاتون کے سامان کی اسکینگ کی گئی تو اس میں آئی فونز، میک بک، گیمنگ لیپ ٹاپ، وٹامنز، لیڈیز برانڈڈ شوز، ہینڈ بیگز کی نشاندہی ہوئی۔ حکام نے سامان تحویل میں لیکر خاتون مسافر کو حراست میں لے لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ضبط شدہ اشیاء کی مجموعی مالیت 1 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے اور ان ضبط ہونے والی اشیاء پر 50 لاکھ روپے مالیت کے ڈیوٹی وٹیکسز لاگو ہوتے ہیں۔ خاتون مسافر کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت کارروائی اور مزید تفتیش جاری ہے۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر انسداد اسمگلنگ کے سخت اقدامات کے باعث اسمگلرز نت نئے طریقے اختیار کررہے ہیں اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو پرکشش ترغیبات کا لالچ دیکر ان کے ذریعے اسمگلنگ کی کوششیں کررہے ہیں۔

حکام نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں سے درخواست کی کہ وہ وطن واپسی پر کسی بھی غیر متعلقہ شخص کا سامان اپنے ساتھ لانے سے گریز کریں تاکہ ممکنہ سخت قانونی کارروائیوں سے بچ سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔