ن لیگ سے بالکل ناراض نہیں اور نہ انہیں لاڈلا کہہ رہے ہیں خورشید شاہ

ن لیگ والے خود کو لاڈلہ ظاہر کررہے ہیں، اگر ہم لاڈلے بنتے تو بے نظیر شہید نہ ہوتیں، پی پی رہنما


ویب ڈیسک November 18, 2023
فوٹو : آئی این پی

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم ن لیگ سے بالکل ناراض نہیں اور نہ ہی انہیں لاڈلا کہہ رہے ہیں لیکن وہ خود ہی ایسا ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سابق اپوزیشن لیڈر اور سینئر رہنما خورشید شاہ نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے'ہم مسلم لیگ ن سے کیوں ناراض ہوں ؟ ہم ن لیگ سے بالکل ناراض نہیں ہیں، ہم ساتھ رہے ہیں اس لیے ن لیگ کو مشورہ دیتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ 'ن لیگ والے یہ جو خود کو لاڈلہ ظاہر کررہے ہیں جبکہ ہم نہیں کہہ رہے کہ یہ لاڈلے ہیں لیکن یہ خودایسا شو کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سابق اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا کہ اگر ہم لاڈلے بنتے تو بے نظیر شہید نہ ہوتیں، ذولفقار علی بھٹو پھانسی نہ چڑھتے، ہم نے گولیاں اور کوڑے کھائے ہیں ، خدا ہمیں اس وقت سے پناہ دے جب ہم کسی کے لاڈلے بنیں۔

نواز شریف کا نام لیے بغیر خورشید شاہ کا کہنا تھا سابق وزیر اعظم کو آفیسرز نے سلیوٹ مارے، اُن کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا، ہم نے دیکھا کہ اپوزیشن لیڈر بھی حکومت کے ساتھ کھڑا ہوگیا ہم نے جمہوریت بچانے کے لیے ہمیشہ ساتھ دیا، ہم نے ثابت کیا کہ ہم جمہوری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوامی طاقت پر بھروسہ کرتے ہیں، سب کوچیلنج کرتا ہوں کہ ثابت کریں کہ پیپلز پارٹی نے کب کوئی کمٹمنٹ پوری نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ کون بنے کا کروڑ پتی؟ یہ آگے پتا چلے گا۔

رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ 'رانا ثناء اللہ حقیقی سیاسی ورکر ہیں ، وہ درست کہتے ہیں کہ جھوٹے کیسز ختم ہونے چاہیں ، لیکن صرف یک طرفہ نہیں کیے جانے چاہیں بلکہ سب کے جھوٹے کیسز معاف کیے جائیں۔

حالیہ ملکی مسائل سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی پی ٹی آئی دور میں شروع ہوئی ،اب جو نئی حکومت آئے گی اس کے پاس 5 سال کا مینڈیٹ ہو گا اورآئندہ بننے والی حکومت کو جوابدہ ہونا ہوگا، اب جو مسائل ہیں ان کا حل کسی ایک جماعت کے بس کی بات نہیں ،سب جماعتیں مل کر مسائل کا حل نکال سکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔