بلاک بسٹر فلم دھوم کے ڈائریکٹر دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے

بالی ووڈ ڈائریکٹر اپنی سالگرہ سے 3 روز قبل دُنیا سے رخصت ہوگئے

فوٹو: ویب ڈیسک

بالی ووڈ کی بلاک بسٹر اور مشہور زمانہ فلم 'دھوم' کے ڈائریکٹر سنجے گدھوی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 56 سالہ ڈائریکٹر سنجے گدھوی اپنی سالگرہ سے 3 روز قبل دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دُنیا سے رخصت ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جس وقت ڈائریکٹر سنجے گدھوی کو دل کا دورہ پڑا تو وہ لوکھنڈ والا میں اپنی رہائش گاہ پر ہی موجود تھے جبکہ اُن کی بیٹی سنجینا گدھوی نے اپنی والد کی موت کی تصدیق کی۔

ڈائریکٹر سنجے گدھوی کی بیٹی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد صبح کی واک پر گئے تو اُنہیں سینے میں درد ہوا، ہم اُنہیں اسپتال لیکر گئے لیکن گھر میں ہی اُن کی موت ہوچکی تھی۔


مزید پڑھیں: فلم دھوم 4 میں ولن کے لیے رنبیراوررنویرکے درمیان مقابلہ

سنجے گدھوی کی بیٹی نے مزید کہا کہ میرے والد کو کوئی بیماری نہیں تھی، وہ بالکل صحت مند تھے، اُن کی اچانک موت نے ہمیں صدمے میں ڈال دیا ہے۔


واضح رہے کہ سنجے گدھوی کا شمار بالی ووڈ کے مقبول ترین ہدایتکاروں میں ہوتا ہے، اُنہوں نے اپنے کیریئر کی پہلی بالی ووڈ فلم 'تیرے لیے' ڈائریکٹ کی تھی، اُن کی بلاک بسٹر فلموں میں 'میرے یار کی شادی ہے'، 'دھوم' اور 'دھوم 2' سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔


Load Next Story