2 کروڑ روپے اور 80 تولہ سونے کی ڈکیتی میں ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس ملوث نکلی

مبینہ طور پر پولیس پارٹی گزشتہ رات 2 بجے گھر میں داخل ہوئی اور 4 بجے روانہ ہوگئی


Staff Reporter November 19, 2023
2 کروڑ سے زائد نقد رقم ،70 سے 80 تولے مالیت کے طلائی زیورات،متعدد موبائل فونز، لیپ ٹاپ اوردیگرقیمتی سامان لوٹ کر فرار

اورنگی ٹائون میں 2 کروڑ روپے اور 70 سے 80 تولہ سونے کی ڈکیتی میں ڈسٹرکٹ سائوتھ پولیس ملوث نکلی۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون پانچ نمبر میں ایک کاروبار شخص کے گھر پر سادہ لباس اور پولیس کی وردیوں میں ملبوس 15 سے زائد افراد نے ڈکیتی کی ، نامعلوم افراد گھر سے 2 کروڑ روپے نقد رقم اور 70 سے 80 تولے سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔

مبینہ طور پر پولیس پارٹی گزشتہ رات 2 بجے گھر میں داخل ہوئی اور 4 بجے روانہ ہوگئی، پولیس پارٹی گھر سے سی سی ٹی وی فوٹیج کی ریکارڈنگ بھی ساتھ لے گئی۔ متاثرہ شہری شاکر کا کہنا ہے کہ پولیس نے گھر کا گھیراؤ کیا اور گھر میں تلاشی کا عمل شروع کیا۔

پولیس کی وردیوں میں ملبوس اہلکاروں نے گھر کے افراد کو یرغمال بنایا اور کروڑوں روپے سے محروم کردیا جبکہ پولیس پارٹی گھر کے دو افراد کو ساتھ لے گئی جنہیں بلوچ کالونی کے علاقے میں اُتار دیا گیا۔

آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم رند نے ڈکیتی کا نوٹس لیا اور ڈکیتی کے حوالے سے حقائق سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ اورنگی ٹائون میں ہونے والی کروڑوں روپے کی ڈکیتی میں ساؤتھ زون کے اعلیٰ افسران و اہلکار ملوث ہیں جن کو اس چھاپے کے حوالے سے تمام معلومات تھی۔

ڈسٹرکٹ سائوتھ کے ایک اعلیٰ افسر نے 1 کروڑ سے زائد رقم اور گھر سے لوٹا گیا سونا واپس کردیا ہے اور ایس ایچ او ڈیفنس کی ذمہ داری لگائی ہے کہ وہ یہ رقم اور سونا ویسٹ زون کے حوالے کریں ،پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ رقم ایک کالے رنگ کے بیگ میں موجود تھی جس میں سونا بھی موجود تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں