سعودی کوششیں رنگ لے آئیںچین غزہ میں جنگ بندی کیلیے کردار ادا کرنے پرتیار

سعودیہ، فلسطین، اردن، انڈونیشیا اور مصر کے وزرائے خارجہ سمیت او آئی سی کے اعلیٰ حکام چین پہنچ گئے


ویب ڈیسک November 20, 2023
سعودیہ، فلسطین، اردن، انڈونیشیا اور مصر کے وزرائے خارجہ سمیت او آئی سی کے اعلیٰ حکام چین پہنچ گئے، فوٹو: رائٹرز

سعودی عرب کی قیادت میں مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ چین کے دورے پر پہنچے جہاں ان کے ہم منصب وانگ ای نے یقین دلایا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای نے کہا کہ اسرائیل حماس جنگ کے باعث مشرقِ وسطیٰ کا امن خطرے میں پڑ گیا، جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لیے چین اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب، فلسطین، اردن، انڈونیشیا اور مصر کے وزرائے سمیت او آئی سی کے اعلیٰ حکام غزہ میں جنگ بندی کے لیے رابطوں کے سلسلے میں چین پہنچے ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : یمن کے حوثیوں نے اسرائیلی بحری جہاز اغوا کرکے عملے کو یرغمال بنالیا

چین کے وزیر خارجہ نے مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اور سفارت کاروں پر مشتمل وفد سے ملاقات میں یہ بھی کہا کہ غزہ میں صورت حال کو قابو اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے مل کر کام کریں گے۔

مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کے وفد کی قیادت کرنے والے سعودی شہزادے فیصل بن فرحان نے کہا کہ چین سمیت عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی بمباری کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای نے سعودی ہم منصب کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ چین اپنا کردار ضرور ادا کرے گا اور عالمی برادری بھی غزہ میں بمباری اور تباہی روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : غزہ صورتحال پر سعودیہ سمیت مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ چین کا دورہ کریں گے

چین کے وزیر خارجہ نے مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ سے مزید کہا کہ غزہ میں ہولناک تباہی ہوئی ہے، انسانی المیے نے جنم لیا ہے۔ یہ جنگ صرف مشرق وسطیٰ نہیں بلکہ پوری دنیا کو متاثر کرسکتی ہے۔

واضح رہے کہ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اور او آئی سی کے حکام پر مشتمل وفد چین کے بعد دیگر کئی ممالک کا دورہ کرے گا تاکہ غزہ میں فوجی جنگ بندی اور امدادی سامان کی ترسیل کے لیے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کی راہموار کی جا سکے۔

 

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں