کراچی میں کیلے کی قیمت 100 روپے درجن تک جا پہنچی

گزشتہ ہفتے17اشیا کی قیمتوں میں اضافہ،11میں کمی اور 25 کے نرخوں میں استحکام رہا

گزشتہ ہفتے17اشیا کی قیمتوں میں اضافہ،11میں کمی اور 25 کے نرخوں میں استحکام رہا فوٹو: فائل

ملک میں گزشتہ ہفتے حساس اشاریے (ایس پی آئی) کے لحاظ سے افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.05 فیصدکی معمولی کمی ہوئی تاہم سالانہ بنیادوں پر 9.04فیصد کا اضافہ ہوا۔


وفاقئی ادارہ شماریات سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 8 ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والے کم آمدن طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں ہفتہ واربنیادوں پر 0.17 فیصد کمی ہوئی تاہم سالانہ بنیادوں پر ان کے لیے مہنگائی 7.26 فیصد بڑھ گئی،8ہزار تا 12ہزار روپے کمانے والوں کے لیے مہنگائی میں 0.12 فیصد، 12ہزارسے 18ہزار روپے کمانے والوں کے لیے 0.09 فیصداور 18ہزارسے 35ہزار روپے ماہانہ آمدنی والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں0.06 فیصد کمی ہوئی جبکہ 35ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی مگرایک سال کے مقابلے میں گزشتہ ہفتے ان کے لیے اشیا کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 9.42 فیصد کا اضافہ ہوا۔

پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے 17اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ ہوا، کیلے کی قیمت کم وبیش11فیصد کے اضافے سے تقریباً 100 روپے درجن تک پہنچ گئی جبکہ جارجٹ، سرخ مرچ پسی ہوئی، دال ماش، چینی، ٹماٹر، دال مونگ، دال کی پکی پلیٹ، دہی، شرٹنگ، گڑ، تیار چائے، سرسوں کے تیل، تازہ دودھ، تیل (ٹن)، گھی (ٹن) اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، اس کے علاوہ 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، پیاز کی قیمت سب سے زیادہ 7.53 فیصد کم ہوئی، آلو کی اوسط قیمت بھی 5.88 فیصد گھٹ کر54.3روپے فی کلو گرام ہوگئی جبکہ لہسن، زندہ مرغی، انڈے، دال چنا، باسمتی ٹوٹا چاول، دال مسور، ویجیٹیبل گھی کھلا، گندم اور آٹے کی قیمتوں میں بھی ہفتہ وار بنیادوں پر کمی ہوئی، اس کے علاوہ بیف، مٹن، اری6 چاول، خشک دود، چائے کی پتی اور نمک سمیت 25 اشیا کی قیمتیں برقرار رہیں۔
Load Next Story