بھارتی فوج پر علیحدگی پسندوں کا گھات لگا کر حملہ ہلاکتیں

2015 میں بھی منی پور میں بھارتی فوج کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 25 فوجی مارے گئے تھے


ویب ڈیسک November 21, 2023
8 سال قبل منی پور میں ہی بھارتی فوج کی گاڑی پر حملے میں 25 اہلکار مارے گئے تھے، فوٹو: فائل

بھارتی ریاست منی پور میں علیحدگی پسندوں نے گھات لگا کر بھارتی فوج کی گاڑی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک افسر اور ان کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت سے علیحدہ ہو کر اپنی آزاد ریاست کے قیام کی مسلح جدوجہد کرنے والے ایک گروپ نے منی پور میں بھارتی فوج کی گاڑی کو نشانہ بنا ڈالا۔

حملے میں علیحدگی پسندوں نے بھارتی فوج کی گاڑی کو مکمل طور پر گولیوں سے بھون دیا۔ یہ حملہ اتنا اچانک تھا کہ بھارتی افسر کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ حملہ آور بھارتی فوجی افسر کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

علیحدگی پسند اقلیتی گروپ کے حملے میں بھارتی فوج کا افسر اور ان کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ حملے کے بعد بھارتی فوج کی مزید نفری کو طلب کیا گیا اور علاقہ کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

یاد رہے کہ ریاست منی پور میں 3 مئی سے جاری نسلی فسادات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 180 ہوگئی جب کہ اس قبائل کے ایک دوسرے پر حملے بھی جاری ہیں اور فوجی اہلکاروں کو اغوا بھی کیا جا رہا ہے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں