’بچوں کا قتل عام بند کیا جائے‘ دیا مرزا کا غزہ جنگ بندی کیلئے جذباتی پیغام
اسرائیلی بمباری سے فلسطینی شہادتوں کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز کرگئی جن میں نصف بچے اور خواتین ہیں
بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا نے ایک جذباتی پیغام میں اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں بچوں کا قتل عام بند کرے اور اس قتل عام کو کسی طور پر بھی درست قرار نہیں دیا جاسکتا۔
انسٹاگرام پر اپنے پیغام نے اداکارہ نے لکھا کہ انسانیت کیلئے فوری طور پر جنگ بندی کردینی چاہئے، بچوں کی موت انصاف کا قتل عام ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہمارے بچے بہت قیمتی ہیں، ان کا تعلق جس ملک اور خطے سے ہو، وہ مہربان، پیارے اور پرامن ہوتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ہمیں اپنے بچوں کے متعلق سوچنا چاہئے جو بغیر کسی جرم کے ہولناک جنگوں کا شکار ہوگئے اور وہ بے بس ہیں۔
دیا مرزا نے کہا کہ بطور ماں اور ایک انسان وہ سمجھتی ہیں کہ اس ہولناک جنگ کو رکنا چاہئے اور انسانیت کو بچانے کیلئے جنگ بندی ہونی چاہئے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے غزہ پر مسلسل بمباری جاری رکھی ہوئی ہے جن میں 5 مساجد، 8 چھوٹے بڑے اسپتال اور ہزاروں گھر تباہ ہوگئے جب کہ شہادتوں کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز کرگئی جن میں نصف بچے اور خواتین ہیں، اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بھی 25 ہزار سے تجاوز کرگئی جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔