بھارت میں شادی کی تقریب میں رس گلے کم پڑجانے پر لڑائی 6 افراد زخمی

زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایس ایچ او شمس آباد

فوٹو: فائل

برصغیر پاک و ہند میں شادیوں کی تقاریب میں کھانے کے موقع پر عمومی طور پر افراتفری دیکھنے میں آتی ہے۔ پوری تقریب کے دوران اپنی نشستوں پر تہذیب سے بیٹھے ہوئے مہمان طعام کےموقع پر تمام آداب، تہذیب و شائستگی بھول جاتے ہیں اور کھانے پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔ بعض اوقات تو چھینا جھپٹی یہاں تک کہ توتکار بھی ہونے لگتی ہے۔

اسی نوع کا ایک واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب میں رس گلے نہ ملنے پر لڑائی ہوگئی جس میں چھ افراد زخمی ہوکر اسپتال پہنچ گئے۔

اس واقعے کے بارے میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شمس آباد تھانے کے ایس ایچ او انیل شرما نے بتایا کہ یہ واقعہ ان کے تھانے کی حدود میں گذشتہ اتوار کی شب پیش آیا۔


ایس ایچ او کے مطابق اتوار کی شب برج بھان کشوا نامی شخص کے گھر پر شادی کا فنکشن تھا۔ اس موقع پر دیگر پکوانوں کے ساتھ ساتھ مہمانوں کے لیے رس گلے بھی رکھے گئے تھے جو مہمانوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے کم پڑگئے۔

رس گلے نہ ملنے پر ایک شخص نے میزبانوں پر طنزیہ فقرے کسنے شروع کردیے جس کی وجہ سے لڑائی ہوگئی جس میں چھ افراد بھگوان دیدی، یوگیش، منوج، کیلاش، دھرمیندر اور پون زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال لایا گیا۔

انیل شرما کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، اورا س واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

انیل شرما کا کہنا ہے کہ ایسا ہی ایک واقعہ گذشتہ برس اعتماد پور میں رونما ہوا تھا جب شادی کی تقریب میں مٹھائی کم پڑجانے پر ہونے والی لڑائی میں ایک شخص کی موت واقع ہوگئی۔
Load Next Story