گوجرانوالہ میں ڈاکوؤں نے بیٹے کی میت لے جانے والے باپ کو لوٹ لیا

ڈکیتوں نے پولیس چوکی کے سامنے موٹرسائیکل روک کر واردات کی، 30 ہزار روپے اور 2 موبائل فون چھینے

فوٹو: فائل

گوجرانوالہ میں ڈاکوؤں نے بچے کی میت لے کر آنے والے باپ کو پولیس چوکی کے بالکل سامنے لوٹ کر تیس ہزار روپے سے محروم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں پسرور روڈ پر قائم پولیس چوکی جنڈیالہ باغولہ کے سامنے ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں چار ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر بچے کی میت لے کر آنے والے رام پور کے رہائشی تنویر بھٹو کو لوٹا۔


تنویر بھٹی نے بتایا کہ وہ اپنے بھائیوں کے ساتھ موٹرسائیکل پر نومولود بیٹے کی لاش لے کر گھر جارہے تھے کہ راستے میں ڈاکوؤں نے روکا اور پیسے و موبائل دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے ڈکیتوں کو ساری صورت حال بتائی اور ان کی منت سماجت کی مگر انہوں نے ایک نہ مانی۔

متاثرہ شخص نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے تلاشی لے کر جیب سے تیس ہزار روپے اور دو موبائل فون نکالے اور پھر وہاں سے چلتے بنے۔

تنویر بھٹی نے بتایا کہ وہ رات گیارہ بجے اپنے دو بھائیوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر بچے کی لاش لے کر گھر جارہا تھا۔
Load Next Story