باجوڑ میں دو دھماکے انصار الاسلام کے سابق امیر کے والد سمیت 2 جاں بحق

مولانا عبد السلام کے والد اپنی ساتھی کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا، پولیس

(فوٹو: فائل)

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ خزانہ میں ہونے والے بم دھماکے میں انصار الاسلام کے سابق امیر مولانا عبد السلام کے والد ستار خان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق عبدالسلام کے والد ساتھی کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے کہ اس دوران اُن کو نشانہ بنایا گیا۔

ڈی ایس پی ستار خان کے مطابق ستار خان کو کچھ عرصے قبل بھی گھات لگا کر قتل کرنے کیلیے اُن پر فائرنگ کی گئی تھی جس میں وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

پولیس نے بتایا کہ دھماکے میں ستار خان کے تین ساتھی نیاز، ابراہیم اور مندرو حاجی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلیے ہیڈ کوارٹرز خار کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


یہ خبر بھی پڑھیں: باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امام مسجد جاں بحق

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق اس سے قبل باجوڑ کے ہی علاقے خار میں بم دھماکا ہوا جس میں گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے۔

پولیس نے باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے پیشتو میں ہونے والے دھماکے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
Load Next Story