کراچی ڈکیتی میں گرفتار ڈی ایس پی کے خلاف دیگر کیسز بھی سامنے آگئے

گرفتارزیرتربیت ڈی ایس پی کے غیر قانونی اورمجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ڈی آئی جی کی رپورٹ میں ہوا


Staff Reporter November 22, 2023
زیر تربیت ڈی ایس پی گزری تھانے میں تعینات تھا:فوٹو:ایکسپریس نیوز

کراچی میں زیر تربیت ڈی ایس پی کو ڈکیتی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن گھرمیں ڈکیتی کی واردات کے الزام میں گرفتارزیرتربیت ڈی ایس پی عمیر بجاری غیر قانونی اورمجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نکلا۔ زیرتربیت ڈی ایس پی کی اسپیشل پارٹی نے چھوٹا بخاری کمرشل ایریا میں پان سگریٹ کی دکان پر چھاپہ مار کر1 لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کی غیر ملکی سگریٹ قبضے میں لی تھی اور ڈی ایس پی نے دکاندار کو 30 ہزارروپے کی سگریٹ اور 50 ہزار روپے دکاندار کو واپس کرتے ہوئے معاملے کوختم کرنے کےلیے دباؤ ڈالا تھا۔

نومبرکی 18 اور 19 تاریخ کی درمیانی شب پیرآباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹرفائیو ای میں گھرمیں ڈکیتی کی واردات کے الزام میں گرفتارزیرتربیت ڈی ایس پی کے غیر قانونی اورمجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائم خانی کی جانب سے کی جانے والی اورنگی ٹاؤن ڈکیتی کی انکوائری رپورٹ میں سامنے آیا۔

انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا کہ درخشان تھانے میں عبدالرشید نامی دکاندارکی جانب سے درخواست دی گئی تھی جس میں دکاندار نے بتایا کہ ڈیفنس فیز 4 چھوٹا بخاری کمرشل ایریا میں اس کی پان سگریٹ کی شاپ ہے۔ دکاندارنے بتایا کہ اس کی دکان پرپولیس کی اسپیشل پارٹی کی جانب سے چھاپہ مارا گیا تھا اور 1 لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کی غیر ملکی سگریٹ قبضے میں لی گئی تھی ۔ دکاندار اپنی شکایت ڈی آئی جی ساؤتھ کے دفتر اور پھرایس پی کلفٹن ظفر صدیقی کے دفترمیں بھی پہنچائی جہاں ایس پی کلفٹن کی جانب سے اسے زیر تربیت ڈی ایس پی عمیر بجاری سے ملاقات کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

دکاندارنے زیرتربیت ڈی ایس پی عمیربجاری سے ملاقات کی اوربتایا کہ پولیس پارٹی کی جانب سے قبضے میں لی گئی غیر ملکی سگریٹ کی مالیت 1 لاکھ 75 ہزار روپے ہے جس پرزیرتربیت ڈی ایس پی نے 30 ہزار روپے مالیت کی غیر ملکی سگریٹ اور 50 ہزار روپے دکاندارکوواپس کرتے ہوئے اوردباؤ ڈالتے ہوئےمعاملےکوختم کرکے دفترسے جانے کا حکم دیا۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق 18 نومبرکو دکاندارعبدالرشید اپنی دکان میں موجود تھا کہ سرکاری موبائل جس میں 2 پولیس یونیفارم اور4 سادہ لباس میں ملبوس اہلکارسوار تھے آئے اور دکان سے 1لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کی غیرملکی سگریٹ اٹھا کرلے گئے جس پردکاندارنے مددگار15 پولیس کواطلاع دی۔ دکاندارنے تھانے جاکر بھی واردات سے متعلق تحریری درخواست جمع کرائی تھی۔

اگلے روزدکاندارڈی آئی جی ساؤتھ کے دفتر گیا تھا جہاں ڈی آئی جی کے دفترسے اسے ایس پی کلفٹن ظفر صدیقی کے پاس بھیجا گیا اورکلفٹن ظفر صدیقی نے دکاندار کو گزری میں زیرتربیت ڈی ایس پی عمیر بجاری کے دفتر بھیجا جہاں زیرتربیت ڈی ایس پی نےدکاندار سے کہا کہ آپ جتنا مال بتا رہے ہیں اتنا مال نہیں ہے جس پر دکاندارنے مال سے متعلق تمام تفصیلات عمیر بجاری کو بتائی ۔ زیرتربیت ڈی ایس پی نے کہا کہ 30 ہزار روپے کا مال اور 50 ہزار لو اورمعاملہ ختم کروجس پردکاندارنے مجبوراً مال اوررقم لی اور اس کے بعد دکاندار سے دستاویزات پردستط بھی کروائے گئے اور روانہ کردیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں