کم ترین کاربن کا اخراج ایمریٹس جدید ایندھن استعمال کرنیوالی پہلی ایئرلائن بن گئی
یہ فیول روایتی جیٹ فیول کے مقابلے میں کاربن کا اخراج 85 فیصد تک کم کرسکتا ہے، ترجمان ایمریٹس ائیر
امارات ائیر لائن 100 فیصد سسٹین ایبل ایوی ایشن فیول (ایس اے ایف) کے ساتھ ائیربس 380جہاز کی آزمائشی پرواز کرنے والی دنیا کی پہلی ائیرلائن بن گئی۔
ترجمان ایمریٹس کے مطابق پرواز نے بدھ کو کیپٹن خالد بن سلطان اور کیپٹن فلپ لومبٹ کی سربراہی میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری جس میں چار انجنوں میں سے ایک انجن 100 فیصد ایس اے ایف فیول پر چلا جو کہ جیٹ ایندھن کی تکنیکی اور کیمیائی ضروریات سے مطابقت رکھنے والے ڈراپ ان متبادل کے طور پر اپنی صلاحیت کے اظہار میں مدد کرتا ہے اور یہ جیٹ فیول کا زیادہ پائیدار متبادل بھی ہے، یہ فیول روایتی جیٹ فیول کے مقابلے میں کاربن کا اخراج 85 فیصد تک کم کرسکتا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ آزمائشی پرواز ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بین الاقوامی تنظیمیں، ریگولیٹری ادارے اور پالیسی فیصلے کرنے والے اعلیٰ سطح کے عہدے دار تیسری بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے لیے دبئی میں جمع ہیں،کانفرنس برائے ہوا بازی، متبادل ایندھن، تیکنیکی جائزوں اور اعدادوشمار کے تجزیوں پر کام کررہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق آزمائشی پرواز میں استعمال ہونے والے 100 فیصد ڈراپ ان ایس اے ایف میں قابل تجدید عوامل شامل ہیں جس میں روایتی جیٹ فیول جیسی کافی خصوصیات ہیں، پرواز میں 4ٹن ایس اے ایف فیول شامل تھا، رواں سال کے اوائل میں ایمریٹس نے جنرل الیکٹرک 90 انجنوں سے چلنے والے بوئنگ 777طیارے پر خطے میں پہلی بار 100 فیصد ایس اے ایف فیول سے چلنے والی آزمائشی پرواز کامیابی سے سرانجام دی۔